Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کی یمن اور لبنان میں طبی خدمات میں تیزی

یمن میں ستمبر کے دوران دو ہزار 474 مریضوں کا علاج کیا گیا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی یمن اور لبنان میں مریضوں کے لیے طبی خدمات جاری ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے موبائل کلینکس نے یمن کے حجتہ گورنریٹ کے ابس ڈسٹرکٹ میں ستمبر کے دوران دو ہزار 474 مریضوں کا علاج کیا جب کہ ایک ہزار 237 مریضوں کو دوائیں فراہم کیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے مارب میں واقع  پروسٹیٹکس سینٹر نے مارچ سے اگست تک نو ہزار 533 افراد کو مختلف ہیلتھ کیئر سروسز فراہم کیں جن میں ایک ہزار697  افراد کے لیے مصنوعی اعضا کی فراہمی تھی جو اپنے اعضا کھو چکے تھے۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ارسل میڈیکل سینٹر نے ستمبر کے دوران چودہ ہزار 564 مختلف طبی خدمات فراہم کرکے لبنان کے بعلبیک میں سات ہزار 123 شامی مہاجرین اور میزبان کمیونٹی کی خدمت کی۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے ایک بیان میں کہا کہ’ یہ امداد بحرانوں سے گزرنے والی کمیونٹیز کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا حصہ ہے‘۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات اپنے قیام کے بعد سے خوراک،صحت اور تعلیم سمیت مختلف اقسام کی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 84 ممالک میں مختلف قسم کے1997 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر5.7  بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام میں 327 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 216 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔

شیئر: