شاہ سلمان مرکز کے ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کے ساتھ 10 ملین ڈالر کے معاہدے
منگل 18 اکتوبر 2022 20:10
برلن میں ورلڈ ہیلتھ سمٹ کے موقع پر معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے متعدد ممالک میں پولیو اور خسرہ کے پھیلاو سے نمٹنے کے لیے عالمی ادارہ صحت( ڈبلیو ایچ او) اور یونیسیف کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کے سربراہ اعلی ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ، عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈھنوم اور یونیسف کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے برلن میں ورلڈ ہیلتھ سمٹ کے موقع پر دس ملین ڈالر مالیت کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے ساتھ پہلے معاہدے کے تحت صومالیہ، سوڈان اور عراق میں پولیو اور خسرہ کے پھیلاو کو روکنے کےلیے کام ہوگا جبکہ یونیسیف کے ساتھ معاہدے کے بموجب کانگو، وسطی افریقہ، گنی، افغانستان اور پاکستان میں خسرہ اور پولیو کے انسداد کی مہم چلائی جائے گی۔
ان معاہدوں کا مقصد جنریٹرز یا سولر انرجی کے ذریعے ویکسین کو ذخیرہ کرنے کی سہولت فراہم کرنا، ویکسین مہم کی آپریشنل لاگت اورعالمی ادارہ صحت نیز یونیسیف کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنا بھی ہے۔
ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا کہ سعودی عرب انسانی اورامدادی شعبوں میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ مملکت نے اس حوالے سے ہمیشہ آگے بڑھ کر کام کیا ہے۔ اب بھی کررہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔