Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی پولیس نے منشیات کے بین الاقوامی ڈیلر ’دی بیٹ‘ کو کیسے پکڑا؟

گرفتاری کے لیے خصوصی آپریشن مسلسل دس روز تک جاری رہا ( فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے منشیات کے خطرناک ڈیلر کو گرفتار کیا ہے جو دبئی میں ’دی بیٹ‘ (چمگادڑ) کے نام سے مشہور تھا۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی پولیس کے ماتحت انسداد منشیات کے قائم مقام ڈائریکٹر بریگیڈئیر خالد بن مویزہ نے بتایا کہ الخفاش کی گرفتاری پولیس کی بڑی کامیابی ہے اس کےلیے خصوصی آپریشن کیا گیا جو مسلسل دس روز تک جاری رہا ۔
’دی بیٹ ‘کا تعلق منشیات کے بین الاقوامی گروہ سے ہے اور وہ دبئی میں بھیس بدل کر کام کررہا تھا اور پکڑا نہیں جا سکا تھا۔ اس کے قبضے سے دو سو کلو گرام نشہ آور اشیا برآمد ہوئی ہیں۔
انسداد منشیات کے قائم مقام ڈائریکٹر نے بتایا کہ گزشتہ دنوں منشیات کا کاروبار کرنے والے کئی ایشیائی باشندے پکڑے گئے تھے۔ ان کے خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگایا گیا  جہاں وہ ممنوعہ اشیا زیر زمین چھپا کر رکھتے تھے۔
تحقیقتات سے پتہ چلا کہ ملزمان کو ایک شخص منشیات سپلائی کرتا ہے جو’ دی بیٹ‘ کے نام سے مشہور ہے تاہم اس کی شکل وصورت سے کوئی واقف نہیں تھا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ منشیات کا اصل سرغنہ امارات سے باہر مقیم ہے اور’ دی بیٹ‘ اس کا نائب ہے اور وہ سوشل میڈیا کی مدد سے منشیات کا دھندا چلا رہا تھا۔
دبئی پولیس نے سرغنہ کی نشاندہی اور اس تک رسائی کا منصوبہ بنایا اس دوران ایک شخص کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔ ابتدا میں اس نے خود کو نشئی ظاہر کرکے چکمہ دینے کی کوشش کی۔ اسی دوران پولیس کے سراغرسانوں نے معلوم کرلیا کہ زیر حراست شخص ہی الخافس ہے۔
’دی بیٹ‘ نے دو گاڑیاں رکھی ہوئی ہیں۔ ایک سے سفر کرتا تھا جبکہ رہائشی عمارت کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی کو وہ منشیات کے گودام کے طور پر استعمال کر رہا تھا۔

شیئر: