Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ایئر فورس کا طیارہ تالاب میں گر گیا، پائلٹ محفوظ رہے

انڈین ایئر فورس کا ایک چھوٹا طیارہ اتر پردیش کے مضافاتی علاقے میں ایک تالاب میں گر گیا تاہم اس میں سوار افراد محفوظ رہے۔
انڈین ٹریبیون کے مطابق حکام کا کہنا ہے واقعہ بدھ کو پراگریج کے علاقے میں پیش آیا، جہاز میں دو پائلٹ سوار تھے۔
رپورٹ میں جہاز کی ساخت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ ایک مائیکرولائٹ طیارہ تھا جو بہت چھوٹا ہوتا ہے اور صرف تربیتی مقاصد یا سروے وغیرہ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور حادثے کے وقت وہ معمول کی پرواز پر تھا۔
حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
پراگریج کے ڈپٹی کمشنر پولیس منیش شیندلیا نے حادثے کے حوالے سے بتایا ہے کہ حادثے کے وقت طیارہ پھپھاماؤ کے علاقے کی جانب جا رہا تھا تو اس کے انجن میں کوئی تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔
ان کے مطابق اس کے تھوڑی دیر بعد جہاز پولیس کے زیرانتظام علاقے جارج ٹاؤن میں کے پی کالج کے قریب ایک تالاب میں گر گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے ساتھ ہی مقامی پولیس کے اہلکار اور مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور ان کی کوششوں سے پائلٹوں اور کریو ممبر کو محفوظ طور پر جہاز سے باہر نکال لیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ آپریشن میں غوطہ خوروں نے سب سے اہم کردار ادا کیا۔
رپورٹ کے مطابق واقعے سے مزید کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔

شیئر: