Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ سے سیمی فائنل، پاکستانی ٹیم آج بقا کی جنگ لڑے گی  

ٹی20 ورلڈ کپ مقابلوں میں دونوں ٹیمیں تین مرتبہ آمنے سامنے آئیں اور تینوں مرتبہ پاکستان فاتح رہا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ کا اہم میچ آج سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ بہت اہمیت اختیار کر چکا ہے۔
جنوبی افریقہ میچ میں فتح کے ساتھ نہ صرف سیمی فائنل میں یقینی جگہ بنالے گا بلکہ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر بھی ہو جائے گی۔
پاکستان کے جیتنے کی صورت میں بھی سیمی فائنل میں جگہ یقینی نہیں ہوگی، تاہم ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے تک پہنچنے کے امکانات روشن ضرور ہو جائیں گے۔  
جنوبی افریقہ کو شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم کے لیے بنگلہ دیش کو بھی نہ صرف ہرانا ہوگا بلکہ جنوبی افریقہ اور نیدرلینڈز کے میچ میں بارش یا پھر نیدرلینڈز کی کامیابی کی امیدیں وابستہ کرنا ہوں گی۔
ان دونوں ممکنات کے علاوہ پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی زمبابوے اور انڈیا کے درمیان ہونے والے میچ پر بھی منحصر ہے جس میں پاکستان کو زمبابوے سے امیدیں لگانا ہوں گی۔
زمبابوے کی فتح کی صورت میں پاکستان اور انڈیا میں سے بہتر نیٹ رن ریٹ رکھنے والی ٹیم سیمی فائنل کھیلنے کی حق دار بن جائے گی۔  
ان تمام ممکنات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے لیے اپنے بقیہ دونوں میچز ہر صورت جیتنا لازم ہیں۔ 
فخر زمان کی انجری کے باعث پاکستان ٹیم کو اس اہم میچ سے قبل شدید دھچکہ پہنچا ہے۔ ان کی عدم دستیابی کے باعث ایک بار پھر پاکستان ٹیم کو کمبینیشن بنانے میں مشکلات کا سامنا رہے گا جبکہ ٹیم کی کامیاب اوپننگ جوڑی بھی ٹورنامنٹ میں ابھی تک ناکام رہی ہے۔  
فخر زمان کی جگہ محمد حارث کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیکنیکل کمیٹی نے فخر زمان کی جگہ محمد حارث کی شمولیت کی منظوری دی ہے۔ محمد حارث پاکستان ٹیم کے ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل تھے۔

پاکستانی بیٹرز کو کارگیسو راباڈا، لنگی نگیڈی، وین پارنیل اور اینرک نوکیا جیسے بولرز کا مقابلہ کرنا ہوگا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کا ٹی20 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف پلڑا بھاری  
پاکستان کا ٹی20 ورلڈ کپ مقابلوں میں جنوبی افریقہ کے خلاف پلڑا ہمیشہ بھاری رہا ہے۔ اب تک دونوں ٹیمیں تین مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں جس میں پاکستان جنوبی افریقہ کو تینوں مرتبہ شکست دینے میں کامیاب رہا ہے۔  
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ اور پاکستانی بلے باز
پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ پاکستانی بیٹرز کے لیے فارم واپس حاصل کرنے کا اچھا موقع ہے۔ اس گراؤنڈ پر اس ٹورنامنٹ کے دوران سب سے زیادہ سکور بن چکا اور اس کا اعزاز جنوبی افریقہ کی ٹیم کو ہی حاصل ہے۔
جنوبی افریقہ نے سڈنی میں بنگلہ دیش کے خلاف 205 رنز کا بڑا سکور کر رکھا ہے۔ 

فخر زمان کی انجری کے باعث پاکستان ٹیم کو اس اہم میچ سے قبل شدید دھچکہ پہنچا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اس کے علاوہ کارگیسو راباڈا، لنگی نگیڈی، وین پارنیل اور اینرک نوکیا جیسے بولرز کا مقابلہ کرنا ہوگا جو پاکستانی بیٹرز کے بلوں کو خاموش رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔  
جنوبی افریقہ میچ میں فیورٹ  
آسٹریلوی کنڈیشنز اور ٹورنامنٹ میں جاری فارم کے باعث جنوبی افریقہ کا پاکستان کے خلاف میچ میں پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے۔
ٹیم پاکستان کو جنوبی افریقہ کی مضبوط بیٹنگ لائن کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ جنوبی افریقہ کے پاس کوئنٹن ڈی کوک، ٹمبا باووما، رائلی روسو، ایڈن مارکرم اور ڈیوڈ ملر جیسے ان فارم بیٹرز موجود ہیں۔

شیئر: