پی ایس ایل ٹیمز آکشن: سیالکوٹ 1.85 ارب، حیدر آباد 1.75 ارب روپے میں فروخت
جمعرات 8 جنوری 2026 15:18
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیمیں شامل ہو گئی ہیں۔
جمعرات کو اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی نیلامی میں ساتویں ٹیم ایک ارب 75 کروڑ جبکہ آٹھویں ٹیم ایک ارب 85 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی۔
یوں پی ایس ایل اب چھ کے بجائے آٹھ ٹیموں والی لیگ بن گئی ہے۔
اسی طرح سے پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم میں ’ایف کے ایس‘ نے خریدی جبکہ اس کا نام صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد کے نام پر ہو گا۔
پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم کے لیے سے زیادہ بولی ’او زی ڈیولپرز‘ نے ایک ارب 85 کروڑ روپے تھی جبکہ بولی کا آغاز ایک ارب 70 کروڑ سے ہوا تھا۔
ساتویں ٹیم کے لیے سب سے زیادہ بولی ’ایف کے ایس‘ گروپ نے 175 کروڑ روپے لگائی جبکہ بولی کا آغاز 110 کروڑ سے ہوا تھا۔
ابتدائی طور پر نئی ٹیموں کے لیے 10 کمپنیوں کے درمیان مقابلہ متوقع تھا تاہم ملتان سلطانز کے سابق مالک علی خان ترین کی کمپنی ’ڈہرکی شوگر ملز‘ نے نیلامی میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا، جس کے بعد اب نو کمپنیوں بولی کے عمل میں شریک ہوئیں۔
پی ایس ایل حکام کے مطابق نیلامی میں حصہ لینے والی کمپنیوں میں ’ایم نیکسٹ‘، ’ایف کے ایس‘، ’پریزم ڈیولپرز‘ اور ’انوریکس سولر‘ شامل ہیں جو نئی ٹیموں کے حصول کے لیے بولی لگا رہی تھیں۔
اس کے علاوہ معروف نیٹ ورک کمپنی ’جاز‘، ’آئی ٹو سی‘ (i2c)، ’ولی ٹیکنالوجیز‘، ’ویگو ٹیل‘ اور ’اوزی ڈویلپرز‘ بھی نیلامی میں شریک تھیں۔
پی ایس ایل سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک ہوگا جبکہ نئے سیزن کے لیے حیدرآباد اور سیالکوٹ کے علاوہ فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور راولپنڈی کو نئی فرنچائزز کے ممکنہ شہروں کے طور پر زیر غور رکھا گیا تھا۔

’ایف کے ایس گروپ‘ کیا ہے؟
’ایف کے ایس گروپ‘ کی ویب سائٹ کے مطابق ’ایف کے ایس گروپ ایک جنوب مشرقی ایشیائی ہولڈنگ کمپنی ہے جو خوراک اور زراعت، انفراسٹرکچر اور پراپرٹی کے شعبوں میں سرگرم عمل ہے۔‘
ویب سائٹ کے مطابق ’گروپ کی ذیلی کمپنیاں مضبوط لاجسٹکس اور انفراسٹرکچر کے نظام کے ساتھ مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں کی گہری سمجھ بوجھ کو بروئے کار لاتے ہوئے خطے میں کاروبار اور افراد کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہی ہیں۔‘
’ایف کے ایس گروپ کی بنیاد 40 سال سے زائد کے تجربے اور مہارت پر قائم ہے، جس کا دائرہ کار عالمی سطح پر خام مال کی فراہمی، مینوفیکچرنگ، ریفائننگ، لاجسٹکس، شپنگ، فنانسنگ، رسک مینجمنٹ اور ٹریڈنگ تک پھیلا ہوا ہے۔‘
’او زی ڈیولپرز‘ کیا ہے؟
’او زی ڈیولپرز‘ کی ویب سائٹ کے مطابق ’او زی ڈیولپرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ لاہور سے تعلق رکھنے والا پاکستان کی رئیل سٹیٹ انڈسٹری میں تیزی سے ابھرنے والا ایک نمایاں نام ہے۔‘
’کمپنی نے رئیل سٹیٹ کے شعبے میں ایسے وقت قدم رکھا جب سرمایہ کاری کے بہتر اور منافع بخش مواقع میں نمایاں اضافہ ہو رہا تھا اور سرمایہ کار جدید و محفوظ حل کی تلاش میں تھے۔‘
