پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹی20 میچ بارش کے باعث منسوخ
پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو چھ وکٹوں سے ہرایا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شیڈول دوسرا ٹی20 میچ شدید بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا ہے۔
جمعے کو دمبولا میں بارش کی وجہ سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کا ٹاس بھی نہیں ہو سکا۔
پی سی بی کے مطابق مسلسل بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ کھیل کے قابل نہ رہی، جس کے بعد امپائرز نے میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
میچ کے آغاز سے قبل بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، جس کی وجہ سے ٹاس اور کھیل ممکن نہ ہو سکا۔
اس سے قبل پاکستان نے بدھ کو تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔
پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 129رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان نے ہدف با آسانی چھ وکٹوں کے نقصان پر 17 ویں اوور میں حاصل کیا تھا۔
یاد رہے کہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو شیڈول ہے، یہ سیریز ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
پاکستانی ٹیم رواں برس فروری مارچ میں کھیلے جانے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنے میچز سری لنکا میں ہی کھیلے گا۔
