Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کو شکست، پاکستان سیمی فائنل میں

شاہین شاہ آفریدی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں گروپ ٹو کے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے متوقع ہے۔ 
گرین شرٹس نے 128 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ شان مسعود 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ناسم احمد نے چار اوورز میں 14 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین شاہ آفریدی کو ان کی عمدہ بولنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
اتوار کو ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو اچھا ثابت نہ ہوا۔ بنگلہ دیش نے 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے نجم الحسین شانتو 54 اور عفیف حسین 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار اور شاداب خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
گرین شرٹس کی سیمی فائنل تک رسائی میں نیدرلینڈز کی جنوبی افریقہ کے خلاف جیت نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

محمد حارث کی جارحانہ بیٹنگ

128 رنز کے تعاقب میں پاکستانی حکمت عملی اس دفعہ بھی دفاعی رہی۔ بابر اعظم اور محمد رضوان بنگلہ دیشی بولرز کے سامنے جدوجہد کرتے دکھائی دیے۔ پاکستان نے اپنے 50 رنز 10 ویں اوور میں بنائے۔

محمد حارث نے 18 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

بابر اعظم جو ورلڈ کپ میں ابھی تک کوئی بھی قابل ذکر اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس میچ میں بھی 33 گیندوں پر 25 رنز بنا کر ناسم احمد کی گیند پر ہٹ لگانے کی کوشش میں شارٹ تھرڈ مین پر کیچ پکڑا بیٹھے۔
محمد رضوان جنہیں ابتدا میں وکٹ کیپر نور الحسن کے کیچ چھوڑنے کی وجہ ایک اور موقع ملا تھا، اگلے ہی اوور میں عبادت حسین کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ انہوں نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 32 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔
محمد نواز جنہیں بنگلہ دیشی سپنرز کی وجہ سے ون ڈاؤن بھیجا گیا تھا، وہ بھی جدوجہد کرتے نظر آئے۔ وہ 11 گیندوں پر چار رنز بنا کر ایک غیرضروری رن لینے کی کوشش میں لٹن داس کی عمدہ تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔
ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ کھیلنے والے محمد حارث جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں اپنی جارحانہ اننگز سے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا، اس میچ میں بھی ٹیم کو دباؤ سے نکالنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 18 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 31 رنز بنائے اور شکیب الحسن کی گیند پر ہٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ہدف سے صرف دو رنز کی دوری پر افتخار احمد بھی ہٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن ناکام

بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس اور نجم الحسین شانتو نے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا۔ لیکن شاہین شاہ آفریدی جو ہر میچ کے ساتھ اپنے ردھم میں واپس آتے جا رہے ہیں، نے گزشتہ میچ کی طرح ابتدا میں ہی وکٹ حاصل کر لی۔ لٹن داس نے شاہین کی ایک شارٹ پچ بال پر انہیں ایک شاندار چھکا لگایا لیکن صرف دو گیندوں بعد ہی شان مسعود کو کیچ پکڑا بیٹھے۔

نجم الحسین شانتو  54 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ابتدائی نقصان کے بعد سومیا سرکار میدان میں آئے اور نجم الحسین کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں کے درمیان 52 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد سومیا شاداب خان کی گیند پر کیچ پکڑا بیٹھے۔ اس سے اگلی ہی گیند پر شاداب نے شکیب الحسن کو بھی ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
نجم الحسین شانتو جن کا ابتدا میں محمد سیم کی گیند پر شاداب خان نے کیچ چھوڑ دیا تھا، نے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور 48 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔ انہیں افتخار احمد نے بولڈ کیا۔

لٹن داس 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ڈیتھ اوورز میں پاکستانی پیسرز عمدہ بولنگ کی اور بنگلہ دیشی بلے بازوں کو کھیل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور راؤنڈ دا وکٹ آ کر اپنی ان سوئنگ پر مصدق حسین کو بولڈ کر دیا۔ اسی اوور میں انہوں نے نور الحسن کو بھی کیچ آؤٹ کر دیا۔
شاہین کی بولنگ کے آگے بنگلہ دیشی ٹیل اینڈرز بے بس دکھائی دیے۔ انہوں نے اپنے آخری اوور میں تسکین احمد کو بھی کیچ آؤٹ کر دیا اور یوں میچ میں چار وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ناسم احمد تھے جو سات رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

شیئر: