Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی لانگ مارچ کا شیڈول تیسری مرتبہ تبدیل، اب جمعرات سے ہوگا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کی تاریخ دوبارہ تبدیل کرنے کے چند گھنٹوں بعد شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ لانگ مارچ اب بدھ کے بجائے جمعرات سے دوبارہ شروع ہوگا۔
پیر کو عمران خان نے لاہور میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ لانگ مارچ کے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی ہے اور اب یہ منگل کے بجائے بدھ سے شروع ہوگا۔
تاہم شام کو شاہ محمود قریشی نے لاہور ہی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لانگ مارچ بدھ کے بجائے جمعرات سے دوبارہ شروع ہوگا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے مارچ دوبارہ شروع کرنے کی تاریخ میں بار بار تبدیلی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
قبل ازیں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ آصف علی زرداری اور نوازشریف سے کبھی سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’پاک فوج ہماری ہے اور اس کے خلاف جانا ممکن نہیں۔ آرمی چیف کی تقرری میرا ایشو نہیں ہے۔ سرحدوں پر کھڑے فوجی میرے بچوں کی طرح ہیں۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’میرا لانگ مارچ ہر صورت میں منزل حاصل کرے گا۔ الیکشن کی تاریخ لے کر ہی واپس آئیں گے۔ پوری قوم اب تیار بیٹھی ہے۔‘
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کی کال پر پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔
 راولپنڈی مری روڈ پر مظاہرین نے ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ جس کے باعث راولپنڈی کی کئی شاہراہوں اور ایکسپریس وے اور آئی جے پی روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
سابق وزیراعظم عمران خان پر وزیرآباد میں ہونے والے حملے کے بعد تحریک انصاف نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور ایک فوجی افسر پر الزام عائد کرتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا اور ان کے عہدے نہ چھوڑنے پر ملک بھر میں احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
راولپنڈی میں مظاہرین باہر نکل آئے۔ انھوں نے مری روڈ پر مختلف مقامات پر ٹائر جلا کر ٹریفک روک دی اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔
دوسری جانب احتجاج کی اطلاع ملتے ہی اسلام آباد کی حدود میں تعلیمی اداروں نے چھٹی کے وقت بسیں نکالنے سے معذرت کرتے ہوئے والدین کو بچوں کو خود پک کرنے کے پیغامات بھجوائے۔
نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز اسلام آباد نے شام کی شفٹ میں آج ہونے والے پیپرز بھی ملتوی کر دیے ہیں۔
لاہور میں گزشتہ روز یہ احتجاج رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے باعث ملتوی کر دیا تھا، تاہم آج احتجاج کا سلسلہ بحال ہوا ہے اور آج شام سات بجے گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کی کال دی گئی ہے۔
اس کے علاؤہ پشاور، ٹیکسلا اور دیگر شہروں میں بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

شیئر: