Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا احتجاج، اسلام آباد کا لاک ڈاؤن آج سے شروع: اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی قیادت نے لانگ مارچ کی حکمت عملی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے آزادی مارچ کے شروع ہونے سے پہلے ہی اسلام اباد کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بتایا کہ ان کی جماعت نے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے اور سوموار سے ہی اسلام آباد کے راستوں پر ہمارے کارکن دھرنا دیں گے۔
پشاور میں تحریک انصاف کی قیات نے بتایا کہ دھرنے کے لیے خیبرپختونخوا سے کارکنوں کا قافلہ آج ٹیکسلا روانہ ہوگا۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہمارے کارکن مختلف شاہراہوں پر دھرنا دیں گے اور اس حوالے سے پارٹی قیادت نے تجاویز دی ہیں۔‘
تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صوبائی ترجمان ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ آج پہلے مرحلے میں مردان سے دو سو سے زائد کارکن ٹیکسلا جائیں گے اور وہاں دھرنا دیں گے۔ کارکن وہاں رات گزاریں گے اور صبح واپس آئیں گے۔
ظاہر شاہ طورو نے اردو نیوز کو بتایا کہ اگلے دن کسی اور ضلع سے کارکن ٹیکسلا روانہ ہوں گے۔ اسی طرح دھرنے کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
تمام تنظیمی عہدیداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ 20 ورکر دھرنے کے لیے ساتھ لے جائیں۔ صوبائی ترجمان ظاہر شاہ کے مطابق ٹیکسلا میں کارکنوں کے لیے تمام انتظامات کر لیے گئے ہیں۔
جمیعت علماء اسلام پاکستان کا پی ٹی آئی لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان
جمیعت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا گل نصیب نے  پی ٹی آئی لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان کردیا انہوں نے بتایا کہ ’ہمارے کارکن اور علماء ازادی مارچ کے قافلوں کے ساتھ نکلیں گے۔‘

لاہور میں  آج شام سات بجے گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کی کال دی گئی (فوٹو: اے ایف پی)

جمیعت علماء اسلام پاکستان کے صوبائی امیر مولانا شجاع الملک نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’خیبرپختونخوا سے جانے کے لئے ہمارے کارکنوں کی تیاری مکمل ہیں ، ہم پی ٹی آئی کے ساتھ اتحادی ہیں اگر گرفتاری یا تشدد ہوتا ہے تم ہم ڈٹے رہیں گے لیکن واپس نہیں آئیں گے۔‘
مولانا شجاع الملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دھرنوں میں ہمارے کارکن بھی شریک ہوں گے۔
پی ٹی آئی کا احتجاج
اسلام آباد پولیس کے مطابق مظاہرین نے لاہور اور پشاور موٹروے سے اسلام آباد آمد و رفت کے راستے بند کردیے ہیں جن کو کھلوانے کے لیے اسلام آباد کیپیٹل پولیس اور پاکستان رینجرز کے دستے روانہ کردیے گئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق وفاقی حکومت کو درخواست بھیجی گئی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 3 اور 4 کے تحت صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی جائیں کہ موٹروے اور ایئرپورٹ کے راستے کھلے رکھے جائیں۔ شر پسند عناصر کے خلاف تھانوں میں مقدمات درج کیے جائیں گے۔
دوسری طرف راولپنڈی میں مری روڈ پر سوموار کو پی ٹی آئی کا احتجاج جاری رہا جس سے عام شہریوں کے معمولات زندگی متاثر رہے اور راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے باعث دو دن تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی تحصیل میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 8 اور 9 نومبر کو بند رہیں گے۔

راولپنڈی میں مری روڈ پر سوموار کو پی ٹی آئی کا احتجاج جاری رہا (فوٹو: سکرین گریب)

لاہور میں گزشتہ روز یہ احتجاج رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے باعث ملتوی کر دیا تھا، تاہم آج احتجاج کا سلسلہ بحال ہوا ہے اور آج شام سات بجے گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کی کال دی گئی۔
پی ٹی آئی بلوچستان کی جانب سے صوبے میں احتجاج کی کوئی کال نہیں دی گئی۔
 ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہروں کے باوجود کراچی میں احتجاج کی کوئی کال نہیں دی گئی۔ 
 پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں گزشتہ روز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے سابق صدر سبحان علی ساحل کو گرفتار کیا تھا۔ جنہیں آج عدالت میں پیش کیا گیا۔
پی ٹی آئی کراچی سندھ کے اراکین اسمبلی نے آج سندھ اسمبلی میں عمران خان پر ہونے والے حملے کے خلاف قرارداد جمع کرائی ہے۔
پی ٹی آئی سینئیر رہنما زلفی بخاری کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنان نے فتح جنگ میں قومی شاہراہ این 80 بند کر دی۔

شیئر: