Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنگلی حیات کے مخصوص علاقوں میں شکار کرنے پر چھ افراد گرفتار

ضوابط کے تحت پرندوں کو متوجہ کرنے کے لیے آلات کے استعمال پر 50 ہزار ریال جرمانہ عائد ہو گا (فوٹو: واس)
سعودی عرب کے ماحولیاتی تحفظ کی فورسز نے جنگلی حیات کے لیے مخصوص علاقوں کی بلا اجازت داخل ہو کر شکار کرنے والے چھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
عربی جریدے ’سبق‘ کے مطابق یہ افراد کنگ سلمان رائل ریزرو اور محمد بن سلمان رائل ریزرو میں اجازت کے بغیر داخل ہوئے تھے اور انہوں نے وہاں شکار کیا۔
گرفتار ہونے والوں میں سے تین سعودی جبکہ تین خیلیجی شہری ہیں اور ان سے  پانچ عقاب ، چھ جال، 11 پرندے، پرندوں کو متوجہ کرنے والا آلہ برآمد کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
ماحولیاتی تحفظ کی خصوصی فورس کے ترجمان کرنل عبدالرحمان العتیبی نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے مخصوص علاقوں میں بلا اجازت داخلے اور وہاں شکار کرنے پر پانچ پانچ ہزار ریال جبکہ پرندوں یا جانوروں کو شکار کرنے کے لیے جال یا دیگر ٹریپس بچھانے پر ایک ہزار ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے مخصوص ضوابط کے تحت پرندوں کو متوجہ کرنے کے لیے آلات کے استعمال پر 50 ہزار ریال جرمانہ عائد ہو گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ماحولیات یا جنگلی حیات کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی اطلاع مکہ، ریاض میں فون نمبر 911 جبکہ دیگر علاقوں میں 999 یا 996 پر دی جا سکتی ہے۔

شیئر: