Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں بارش، مسجد الحرام میں عمرہ زائرین طواف کرتے رہے

بارش رکنے کے بعد بھی مکہ میں بادل چھائے ہوئے ہیں( فائل فوٹو ٹوئٹر)
مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں بدھ کی سہ پہر بارش ہوئی ہے۔ اس دوران عمرہ زائرین خانہ کعبہ کا طواف اور صفا اور مروہ کی سعی کرتے رہے۔
  مکہ مکرمہ کے قریوں اور محلوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا- بارش رکنے کے بعد بھی  مکہ میں بادل چھائے ہوئے ہیں-
حرمین شریفین ویب سائٹ کے مطابق زائرین کو بارش کے دوران مسائل سے بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خانہ کعبہ کے اطراف انتظامات کیے گئے۔ خصوصی ٹیموں نے مطاف سے بارش کا پانی صاف کرنے کی کارروائی کی۔
موسمیات کے قومی مرکز نے توقع ظاہر کی تھی کہ’ بدھ کو مکہ ریجن اور اس کے ساحلی مقامات پر بارش کا امکان ہے‘۔ 
قومی مرکز کا کہنا تھا کہ’ جازان، عسیر اور باحہ کے پہاڑی مقامات پر بارش سے قبل تیز ہوائیں چلیں گی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ مکہ مکرمہ مدینہ منورہ اور اس کے ساحلی مقامات پر پھیل جائے گا۔ اس کے علاوہ تبوک الجوف حائل اور حدود شمالیہ ریجن میں بھی بارش کی اطلاعات ہیں‘۔
جدہ شہر میں بدھ کی دوپہر سے مطلع آبر آلود ہے۔ مقامی شہری اور مقیم شہری خوشگوار موسم کا لطف اٹھانے کے لیے کورنیش کا رخ کر رہے ہیں۔
محکمہ شہری دفاع مکہ مکرمہ نے شہریوں اور مقیمین سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر کا خیال کریں۔

شیئر: