Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودیوں کے لیے سیاحتی شعبے میں تربیتی پروگرام، سالانہ ایک سو ملین ریال مختص

سیاحتی منصوبوں کی کامیابی کے لیے ایک ارب ریال کی مدد دی گئی ہے( فوٹو العربیہ)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ’ فروغ سیاحت فنڈ نے پچاس سیاحتی منصوبوں کی سپورٹ کے لیے ایک ارب ریال مختص کیے ہیں۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی عرب میں سیاحت کے ارتقا کے موضوع پر ورچول اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ’ گزشتہ دنوں فروغ سیاحت کے حوالے سے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں ۔اب وقت آگیا ہے کہ قومی سیاحت کی حکمت عملی کو آگے بڑھایا جائے۔‘
احمد الخطیب کا کہنا تھا کہ ’وزارت سیاحت عمرہ پروگرام کا ماحول سازگار بنانے جا رہی ہے۔ طائف سٹی ڈیولپمنٹ حکمت عملی متعارف کرائی جائے گی۔ موسم سرما کی تیاریاں ہوں گی۔‘ 
وزیر سیاحت نے مزید کہا کہ ’فروغ سیاحت فنڈ مملکت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ فنڈ نے پچاس سے زیادہ سیاحتی منصوبوں کی کامیابی کے لیے ایک ارب ریال کی مدد دی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب متعدد پرکشش سیاحتی منصوبوں کوسپورٹ کر رہا ہے۔ نیوم اور بحیرہ احمر پروجیکٹ پر کام جاری ہے۔ یہ مستقبل قریب میں دنیا بھر میں سمندری سیاحت کا محور بنیں گے۔ ان سے سعودی شہریوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی نوجوان سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وزارت سیاحت اس شعبے میں دلچسپی رکھنے والوں کو تربیتی پروگرام کرائے گی۔ سالانہ ایک سو ملین ریال کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔‘

شیئر: