Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپنے دفاع کے لیے لائسنس یافتہ اسلحہ ساتھ لے کر جائیں گے: پی ٹی آئی رکن اسمبلی

پشاور سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الہی نے کہا ہے کہ 26 نومبر کو راولپنڈی میں ہونے والے احتجاج میں شرکت کے لیے کارکنوں کا قافلہ پشاور سے ہفتے کے روز صبح نو بجے نکلے گا۔
 فضل الہی نے جمعرات کو 26 نومبر کے احتجاج کی تیاریوں کے سلسلے میں تمام پارٹی عہدیداران اور بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کے بعد اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الہی نے بتایا کہ ہم عمران خان کی کال پر امن احتجاج کے لیے جارہے ہیں اگر کسی میں روکنے کی ہمت ہے تو روک کر دکھائے۔
ہمارے پاس لائسنس یافتہ اسلحہ ہے وہ ہم ساتھ لے کر جائیں گے اور اپنا دفاع ضرور کریں گے۔ سکیورٹی خدشات ہم سب کو ہیں لیکن ہم ڈرتے نہیں۔‘
ایم پی اے فضل الہی نے کہا کہ ہر حلقے سے ایم پی اے کو ایک ہزار کارکن ساتھ لانے کو کہا گیا ہے مگر میرے ساتھ 2 ہزار سے زائد کارکن راولپنڈی جائیں گے۔
مارچ میں جانے والے کارکنان کے کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ کی ذمہ داری ہماری ہوگی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہفتے کے دن صبح نو بجے موٹروے انٹرچینج پر قائدین پہنچیں گے جہاں سے قافلوں کی صورت راولپنڈی کی طرف روانہ ہوں گے۔
خیال رہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا نے پارٹی کارکنان کو حقیقی آزادی مارچ کے لیے تین دن کے انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر کامران بنگش نے پیر کو ایک انٹرویو میں اردو نیوز کو بتایا تھا کہ فی حلقہ تین دن کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ پر 12 سے 15 لاکھ تک اخراجات کا تحمینہ لگایا گیا ہے۔
کامران بنگش نے بتایا تھا کہ ہر حلقے کو الگ سے پیسے جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ’میں نے اپنی طرف سے پانچ لاکھ روپے جمع کرا دیے ہیں۔
میں نے دو تنخواہیں آزادی مارچ کے لیے مختص کی ہیں، تاہم دیگر تنظیمی عہدیدار بھی جمع کررہے ہیں۔
کامران بنگش کا کہنا تھا کہ مارچ کے لیے ہر صوبائی حلقے سے 1500 تک کارکن جائیں گے۔
ہم نے تین دنوں کے اخراجات کا حساب لگا لیا ہے جو کہ فی حلقہ 12 سے 15 لاکھ روپے بنتے ہیں۔
صوبے کو چار ریجن میں تقسیم کیا گیا ہے ہر ریجن سے ایم پی ایز اپنے قافلے لیکر نکلیں گے۔

شیئر: