Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈین گلوکار بیبرزکے نخرے

ممبئی .... کینیڈا سے تعلق رکھنے والے گلوکار جسٹن بیبرز ہند میں پہلی مرتبہ 10مئی کو اپنی آواز کا جادو جگائیں گے تاہم شو سے قبل انہوں نے اتنی شرائط لگائی ہیں کہ لوگ پریشان ہوگئے۔ اس سلسلے میں بنائی گئی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔ ایک صحافی ارجن روی نے بیبرز کے اسٹاف کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کا عکس ٹویٹر پر جاری کردیا ہے جس میں مختلف مطالبات کئے گئے ہیںاور کہا گیا ہے کہ ان مطالبات پر کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ ایک شرط یہ ہے کہ 2 فائیو اسٹار ہوٹلز مکمل طور پر جسٹن بیبرز کے ہند میں قیام کیلئے مخصوص کردیئے جائیں۔10لگژری سیڈن اور 2والوو بسیں بھی مخصوص کی جائیں کیونکہ انکے قافلے میں 120ارکان شامل ہونگے۔گلوکار نے اپنے لئے رولز رائس مخصوص کرنے کیلئے کہا ہے۔ مہاراشٹر پولیس کی جانب سے ”زیڈ “ سطح کی سیکیورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے ذاتی 8معاونین کی حفاظت کیلئے بھی کہا گیا ہے۔بیبرز کے ساتھ پنگ پونگ ٹیبل، پلے اسٹیشن، 10بڑے صوفہ سیٹ ، واشنگ مشین، ریفریجریٹر، الماری اور اسٹیج کے پیچھے رکھنے کیلئے ٹیبل وغیرہ سے بھرے 10کنٹینر بھی لائے جائیں گے۔ہوٹل میں اسے ایک ہزار مربع فٹ کا سویٹ دیا جائیگا۔ جسے خوب سجایا سنوارا جائیگا۔ 4روزہ قیام کے دوران ایک دن میں 5ڈشیں پیش کی جائیں گی۔ اس کے کمرے کو گلابی رنگ کی چیزوں سے سجایا جائیگا جو اس کا فیورٹ رنگ ہے۔ ہوٹل بیبرز کے نجی بنگلے میں تبدیل ہوجائیگا کیونکہ ہوٹل کے3فلور صرف اسی کیلئے بک ہونگے۔ ایک لفٹ صرف بیبرز کیلئے مخصوص ہوگی۔ یوگا کیلئے خوشبودار تیل، جاسمین، موگرا کے پھول اور دیگر چیزیں اسکے علاوہ ہیں۔ بیبرز کے کمرے میں یوگا کے بارے میں کتابیں بھی رکھی جائیں گی۔کیرلہ سے ایک خصوصی مالشیا بھی ہر وقت بیبرز کے ساتھ ہوگا۔ اسکے علاوہ پروموٹرز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایک نجی طیارہ او رہیلی کاپٹر بھی تیار رکھیں گے تاکہ فنکار کے مطالبے پر اسے ہند میں کہیں کا بھی دورہ کرایا جاسکے۔ کینیڈین اسٹار نے یہ بھی درخواست کی ہے کہ کھانے میں انہیں سبزی پیش کی جائے۔ اسکے علاوہ مختلف فروٹ، کیلے اور بغیر بیج کے انگور ملنے چاہئے۔گلوکاری کے دوران کچھ وقت کیلئے آرام کرنے کیلئے جب وہ ڈائس سے ہٹیں تو انہیں سفید آٹے کی روٹی، چپس، پودینہ اور تربوز کاجوس پیش کیا جائیگا۔ کھانے میں سویڈن کی مچھلی، رٹزبٹس کا مکھن، پنیر کے سینڈوچ وغیرہ بھی دیئے جائیں گے۔ بیبرز نے یہ بھی درخواست کی کہ انکے ڈریسنگ روم میں سفید رنگ کے پردے لگائے جائیں۔ اسکے علاوہ ایک بڑاشیشے کے دروازے والا ریفریجریٹررکھا جائے۔ کپڑوں کیلئے شیلف بنائے جائیں۔ 12سفید تولیے دیئے جائیں۔ پیاس بجھانے کیلئے پانی کی24 بوتلیں، الکلائن کی 24بوتلیں، 4انرجی ڈرنک، 6وٹامن واٹر کی بوتلیں، 6کریم سوڈا اور ایک ایسا کولر رکھا جائے جو مختلف مشروبات سے بھرا ہوا ہو۔ بیبرز نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ انکے قیام کے دوران آس پاس کے علاقے میں للی کا پھول نہیں دکھائی دینا چاہئے۔ بیبرز ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے۔

شیئر: