Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فری میں کھانا‘، شادی میں بن بلائے مہمان سے برتن دھلوانے کی ویڈیو وائرل

ویڈیو میں برتن دھوتے ہوئے طالب علم سے ڈانٹ ڈپٹ بھی کی جا رہی ہے (فوٹو: سکرین شاٹ)
انڈیا میں بغیر دعوت کے شادی کی تقریب میں گھس کر کھانا والے نوجوان سے برتن دھلوائے گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق نوجوان ایم بی اے کا طالب علم ہے جو مدھیہ پردیش میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں بغیر دعوت کے شامل ہوا تھا اور اس نے وہاں کھانا کھایا۔
تاہم وہ جلد ہی تقریب کے میزبانوں کی نظر میں آ گئے اور جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کس کی طرف سے آئے ہیں تو واضح جواب نہ دے سکے۔
اس کے بعد ان کو سزا کے طور پر برتن دھونے پر مجبور کیا گیا۔
انڈین نیوز چینل ’آج تک‘ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر ہونے والی ویڈیو میں نوجوان کو برتن دھوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم ان کا چہرہ بلر کیا گیا ہے۔
ویڈیو میں ایسے لوگوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں جو نظر نہیں آ رہے۔
ان میں سے ایک شخص نوجوان سے غصے میں پوچھتا ہے کہ کس لیے آئے تھے ادھر؟
جس پر نوجوان جواب دیتا ہے کہ ’کھانا کھانے آیا تھا۔‘
اس کے بعد پھر وہی شخص پوچھتا ہے کہ کسی نے بلایا تھا اور جواب نہ ملنے پر کہتا ہے ’فری میں آ گئے تھے، تمہیں معلوم ہے فری میں کھانا کھانے کی سزا کیا ہے۔‘
اس کے بعد پوچھا جاتا ہے کہ ’پلیٹیں دھوتے ہوئے کیسا محسوس کر رہے ہو؟‘
جس پر طالب علم جواب دیتا ہے کہ ’فری میں کھانا کھایا ہے، کچھ تو کرنا پڑے گا نا سر۔‘
اس دوران طالب علم سے ڈانٹ ڈپٹ بھی جاری رہتی ہے اور ’درست طور پر‘ برتن دھونے کا کہا جاتا ہے۔
اس ویڈیو کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر صارفین اسے شیئر کرتے ہوئے تبصرے کر رہے ہیں اور اس اقدام کو ’توہین آمیز‘ قرار دے رہے ہیں۔
زیادہ تر صارفین نے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوسرے شہروں سے آ کر ہوسٹلز میں رہنے والے طالب علم اکثر ایسا کرتے ہیں اور تقاریب میں جا کر کھانا کھاتے ہیں تاہم ان کے ساتھ ایسا سلوک کرنا اچھی بات نہیں ہے۔

شیئر: