Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے گیت ناپید، بالی وُڈ نے پھر سے مشہور گانے کا ریمیک بنا دیا

فلم کی مرکزی کاسٹ میں وکی کوشل، بھومی پڈنیکر، کیارا اڈوانی اور دایانند شیٹھی شامل ہیں۔ فائل فوٹو
انڈین فلم انڈسٹری بالی وُڈ میں پرانے گانوں کا ریمیک کرکے انہیں نئی فلموں میں شامل کرنا اب معمول بنتا جا رہا ہے۔
بالی وُڈ کی نئی آنے والی فلم 'گوندا نام میرا' کا نیا گانا جو منگل کو ریلیز کیا گیا یہی گیت چار سال پہلے ریلیز ہوچکا ہے۔
فلم ’گوندا نام میرا‘ کا نیا گانا ’کیا بات ہے 2.0‘ سنہ 2018 میں اسی نام سے ریلیز ہونے والا پنجابی سنگر ہارڈی سندھو کا گانا تھا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وکی کوشل نے گانے ’کیا بات ہے 2.0‘ کے بارے میں پوسٹ کر کے لکھا کہ ’یہ صرف گانا نہیں ہے، یہ ایک پورا مزہ ہے اور یہ اب آپ کا ہے۔‘
سنہ 2018 میں ہارڈی سندھو کا ریلیز ہونے والا یہ گانا بلاک بسٹر ثابت ہوا تھا جسے اب تک 64 کروڑ سے زائد بار یوٹیوب پر دیکھا جا چکا ہے۔
دوسری جانب اس گانے کے ریمیک میں بالی وُڈ اداکار وکی کوشل اور کیارا اڈوانی جلوہ گر ہیں اور اسے بھی ہارڈی سندھو نے گایا ہے۔
فلم ’گوندا نام میرا‘ کی کہانی ایک ایسے ناکام ڈانس کوریوگرافر کے گرد گھومتی ہے جو اپنی بیوی سے تنگ رہتا ہے اور سُکو نامی لڑکی (کیارا اڈوانی) کو اپنی گرل فرینڈ بنا لیتا ہے لیکن کہانی میں موڑ تب آتا ہے جب اس پر قتل کا الزام لگ جاتا ہے جو کہ ممکنہ طور پر اس کی بیوی کا قتل ہوتا ہے۔
فلم کی مرکزی کاسٹ میں وکی کوشل، بھومی پڈنیکر، کیارا اڈوانی اور دایانند شیٹھی شامل ہیں جبکہ فلم کے ہدایتکار ششانک کھائٹان اور پروڈیوسر کرن جوہر ہیں۔
فلم 16 دسمبر کو آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم ڈزنی پلس ہاٹ سٹار پر ریلیز کی جائے گی۔

شیئر: