شہزادہ فیصل بن فرحان کی امریکی سینیٹرز سے ملاقات، جنرل اسمبلی اجلاس میں سعودی وفد کی سربراہی کی
شہزادہ فیصل بن فرحان کی امریکی سینیٹرز سے ملاقات، جنرل اسمبلی اجلاس میں سعودی وفد کی سربراہی کی
منگل 23 ستمبر 2025 22:36
وفد میں امریکہ میں سفیر شہزادی ریما بنت بندر اور دیگر وزرا شامل ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے افتتاحی سیشن میں سعودی وفد کی سربراہی کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وفد میں امریکہ میں سفیر شہزادی ریما بنت بندر، وزیر مملکت برائے خارجہ اور موسمیاتی امور کے ایلچی عادل الجبیر، وزیر اقصادیات فیصل بن فاضل الابراہیم، سعودی امدادی ایجنسی کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ، نائب وزیر برائے بین الاقوامی کثیر الجہتی امور عبدالرحمن الرسی اور اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبدالعزیز الواصل شامل ہیں۔
ملاقات میں سعودی عرب اور امریکہ کے دوستانہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا(فوٹو: ایس پی اے)
یاد رہے کہ سعودی عرب جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر متعدد انیشیٹیوز اور اجلاسوں کی میزبانی کرے گا جن کا مقصد علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانا، سفارتی، انسانی اور ترقیاتی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
جنرل اسمبلی اجلاس سے قبل سعودی عرب نے مسئلہ فلسطین کے پرامن اور دو ریاستی حل کےلیے اعلی سطح کی بین الاقوامی سمٹ کی میزبانی بھی کی۔
علاوہ ازیں شہزادہ فیصل بن فرحان سے نیویارک میں امریکی سینیٹ کی فارن ریلیشنز کمیٹی کے ارکان سینیٹر پیٹر ویلج اور سینیٹر کرس کونز نے ملاقات کی۔
ملاقات میں سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان دوستانہ تعلقات کا جائزہ اور مشتترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر امریکہ میں سعودی سفیر ریما بنت بندر بھی موجود تھیں۔