Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان ٹیسٹ: جب علیم ڈار کو اپنے تین فیصلے تبدیل کرنا پڑے

علیم ڈار نے اپنے کیریئر میں اب تک 166 ٹیسٹ اور 285 ون ڈے میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایلیٹ پینل میں شامل پاکستانی امپائر علیم ڈار کو دنیا کا مایہ ناز امپائر تصور کیا جاتا ہے تاہم جمعے کو ملتان ٹیسٹ کے پہلے دن اُن سے فیصلہ کرتے وقت غلطیاں ہوئیں۔
علیم ڈار کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کو بھی مات دے دیتے ہیں لیکن پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ملتان ٹیسٹ میچ کے پہلے دن علیم ڈار کی بطور آن فیلڈ امپائر کارکردگی ناقص رہی۔
علیم ڈار نے ایک ہی دن  ایک سے زائد غلط فیصلے دیے جبکہ تھرڈ امپائر سے ایک فیصلے کو دوبارہ دیکھنے کی اپیل بھی کی۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جب سپنر ابرار  احمد کی گیند پر انگلش بیٹر بین ڈکٹ کے ایل بی ڈبلیو ہونے کی اپیل ہوئی تو علیم ڈار نے اسے آؤٹ دے دیا تاہم ریویو میں دیکھا گیا کہ گیند بین ڈکٹ کے بیٹ سے نہیں لگی تھی جس کے بعد تھرڈ امپائر جوئل ولسن نے ناٹ آؤٹ دیا تو علیم ڈار نے انہیں دوبارہ دیکھنے کا کہا کہ کہیں بیٹر کا بلا تو زمین پر نہیں لگا؟ تاہم تھرڈ امپائر نے ایک بار پھر ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔
علیم ڈار نے اپنے کیریئر میں اب تک 166 ٹیسٹ، 285 ون ڈے اور 85 ٹی20 میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے ہیں۔
علیم ڈار آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل ہیں جبکہ وہ اپنے کیریئر میں مسلسل تین بار 2009, 2010, 2011 میں آئی سی سی کی جانب سے سال کے بہترین امپائر ہونے کا ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔ 
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ملتان ٹیسٹ کے پہلے دن علیم ڈار کی خراب امپائرنگ پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
اے بی سنگھ لکھتے ہیں کہ 'علیم ڈار کے لیے یہ تو ڈراؤنا خواب ہو گیا، ان کے تین لگاتار فیصلے غلط ہوگئے ہیں۔'
مناہل عاطف کہتی ہیں کہ 'علیم ڈار تیسری بار اپنا فیصلہ تبدیل کر رہے ہیں اور بابر ریویو ضائع نہیں کر رہے، آج تو عجیب سا دن ہے۔'
خضر احمد لکھتے ہیں کہ 'علیم ڈار نے اپنا فیصلہ تیسری بار تبدیل کیا ہے، میں نے ان کے کیریئر میں آج سے پہلا ایسا کچھ نہیں دیکھا۔'
احمد نامی ہینڈل نے ٹویٹ کیا کہ 'ڈار صاحب اب آپ کو ریٹائر ہونے کی ضرورت ہے۔'
سحرش نے لکھا کہ 'علیم ڈار کو ایک اوور میں دو بار فیصلہ تبدیل کرنا پڑا، اب آگے کیا ہوگا؟ ایلین (دوسرے سیارے کی مخلوق) ہمارے سیارے پر قبضہ کرے گی یا پاکستان بیز بال کرکٹ کھیلے گا؟'
خیال رہے ملتان ٹیسٹ میں علیم ڈار اور جنوبی افریقہ کے مرے اریسمس آن فیلڈ امپائر ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے جوئل ولسن تھرڈ امپائرنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

شیئر: