Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین، خلیج فری زون کا قیام زیرغور ہے: شہزادہ محمد بن سلمان

شراکت کا نیا مرحلہ شروع کرنے کے آرزو مند ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی ولی عہد ووزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ عربوں کے تعلقات باہمی تعاون و احترام پرمبنی ہیں ، چین اورعرب ممالک کے درمیان شراکت کو مستحکم بنانا ضروری ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ولی عہد جمعہ کو عرب چینی سربراہ کانفرنس برائے تعاون وترقی سے صدارتی خطاب کررہے تھے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے صدارتی خطاب میں مزید کہا ، سعودی عرب علاقائی اوربین الاقوامی استحکام کی خاطرتعاون بڑھانے کےلیے کوشاں ہے۔
انہوں نے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اورمکمل حل تک رسائی میں مدد پرچین کے خیالات کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم شراکت کا نیا مرحلہ شروع کرنے کے آرزو مند ہیں۔
عرب ، چینی سربراہ کانفرنس سے قبل سعودی ولی عہد نے خلیجی ، چینی سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم فریقین کے درمیان نیا تاریخی مرحلہ قائم کرنے جارہے ہیں, سعودی عرب مختلف شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کےلیے تیار ہیں۔
انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم غیرمعمولی حالات اورچیلنجوں کے ماحول میں یہاں جمع ہوئے ہیں صورت حال کا تقاضہ ہے کہ بھرپورتعاون کیاجائے۔
ولی عہد نے مزید کہا کہ ہم نے چینی ، خلیجی فری زون قائم کرنے کی تجویز پرغور کیا جبکہ رصد نیٹ ورک اورغذائی اشیا کے سلسلے میں چین کے ساتھ تعاون کے مزید امکانات دریافت کررہے ہیں۔

شیئر: