بنگلہ دیش کے خلاف ’متنازع رن آؤٹ‘، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سلمان علی آغا کو سزا
ہفتہ 14 مارچ 2026 18:05
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سلمان آغا کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سلمان علی آغا کو بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرزنش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کو ڈھاکہ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے کے دوران پیش آیا۔
سنیچر کو آئی سی سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’سلمان علی آغا نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی، جو بین الاقوامی میچ کے دوران کرکٹ سامان یا گراؤنڈ کے آلات کے غلط استعمال سے متعلق ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق ’پاکستان کی اننگز کے 39 ویں اوور میں رن آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا نے غصے میں اپنے دستانے اور ہیلمٹ نامناسب انداز میں زمین پر پھینک دیے تھے۔‘
اس واقعے پر آئی سی سی نے انہیں باضابطہ سرزنش کی سزا سنائی ہے جبکہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ گذشتہ 24 ماہ کے دوران یہ ان کی پہلی خلاف ورزی ہے۔
سلمان علی آغا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری نیامور رشید راہول کی جانب سے تجویزکردہ سزا قبول کر لی، جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
میچ آفیشلز ایڈرین ہولڈ سٹاک اور تنویرا حمد کے علاوہ تھرڈ امپائر کمار دھرماسینا اور فورتھ امپائر مسعود الرحمان مکل نے کھلاڑی پر یہ چارج عائد کیا۔
آئی سی سی کے ضابطے کے مطابق ’لیول ون خلاف ورزی پر کم سے کم سرزنش جبکہ زیادہ سے زیادہ میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جا سکتے ہیں۔‘
آئی سی سی قوانین کے تحت اگر کسی کھلاڑی کو 24 ماہ کے عرصے میں چار یا اس سے زیادہ ڈی میرٹ پوائنٹس مل جائیں تو انہیں معطلی پوائنٹس میں تبدیل کر دیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں کھلاڑی پر پابندی بھی عائد ہو سکتی ہے۔
