Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’غمزدہ نہ ہو، آپ نے تاریخ رقم کی‘، فرانس کے مباپے کی اشرف حکیمی کو تسلی

سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کو 0-2 سے شکست دی تھی۔ (فوٹو: مباپے/ٹوئٹر)
فٹ بال ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنالی ہے جہاں 18 دسمبر کو اس کا مقابلہ لیونل میسی کی ارجنٹائن سے ہوگا۔
مراکش کی فٹ بال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کسی خواب سے کم نہ تھی اور یہی وجہ ہے کہ سیمی فائنل میں شکست کے باوجود بھی مراکشی کھلاڑیوں کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔
مراکش کو سیمی فائنل میں شکست دینے والی ٹیم کے فرانس کے مرکزی کھلاڑی کیلن مباپے بھی عرب افریقی ٹیم کے مداح ہیں۔ سیمی فائنل میں جیت کے بعد انہوں نے مراکشی کھلاڑی اشرف حکیمی کے ساتھ اپنی ایک تصویر ٹویٹ کی۔
کیلن مباپے نے تصویر میں اشرف حکیمی کو ٹیگ کرکے لکھا کہ ’بھائی غمزدہ نہ ہوں، جو آپ نے کیا اس پر سب کو فخر ہے۔ آپ نے تاریخ رقم کردی۔‘
میچ کے بعد فرانس کے سٹارائکر اولیویار جراؤڈ بھی مراکشی کوچ ولید ریگراگی سے بغل گیر ہوتے ہوئے نظر آئے۔
ولید ویگراگی اور الیویار جراؤڈ ماضی میں ایک ساتھ گرینوبل کے فٹ بال کلب میں بھی ساتھ کھیلتے رہے ہیں۔
مراکش اس فٹ بال ورلڈ میں آخری بار ہفتے کو لوکا موڈرچ کی ٹیم کروشیا کے خلاف تیسری پوزیشن کے لیے قطر کے میدان میں اترے گا۔
خیال رہے کروشیا کی ٹیم کو ارجنٹائن نے ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی۔

شیئر: