Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے کم عمر انگلش کھلاڑی ریحان احمد کون ہیں؟

انگلینڈ کے شہر نوٹنگھم میں پیدا ہونے والے ریحان احمد کے والد کا تعلق پاکستان سے ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ سنیچر کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ نے اپنی 11 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں 18 سالہ لیگ سپنر ریحان احمد بھی شامل ہیں جو کہ اپنا ڈیبیو کریں گے۔
ریحان احمد انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہوں گے۔
13 اگست 2004 کو انگلینڈ کے شہر نوٹنگھم میں پیدا ہونے والے ریحان احمد کے والد کا تعلق پاکستان سے ہے تاہم وہ انگلینڈ میں ہی مقیم ہیں۔
ریحان احمد رواں سال ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی ٹیم میں شامل تھے جہاں انہوں نے 4 میچز میں 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
انڈر 19 ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کے بعد انگلش میڈیا اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے انہیں ٹیم میں شامل کرنے کی بھرپور حمایت کی گئی۔
انڈر 19 ورلڈ کپ سے مقبولیت حاصل کرنے کے بعد ریحان احمد کو انگلش کاؤٹنی سیزن میں لیسٹرشائر کی ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملا۔
ریحان احمد کو انگلش ڈومیسٹک ٹورنامنٹ دی ہنڈرڈ کی ٹیم سدرن بریو نے بھی خریدا جس کے بعد انہیں انگلینڈ کی اے ٹیم (انگلینڈ لائنز) میں شامل کیا گیا۔
دورہ پاکستان سے قبل ابو ظہبی میں پریکٹس کرنے کے لیے آنے والی انگلینڈ ٹیم کے خلاف انگلینڈ لائنز کے میچ میں بھی ریحان احمد شامل تھے جس کے بعد ریحان احمد کو پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔
کراچی ٹیسٹ سے پہلے بین سٹوکس نے ریحان احمد کے ڈیبیو کرنے کی تصدیق کی اور کہا کہ ’ریحان احمد کو ٹیسٹ کیپ اس وجہ سے دی جارہی ہے کہ وہ اس قابل ہیں۔‘
ریحان احمد کے بارے میں بین سٹوکس نے مزید کہا کہ ’جب ہم نے ریحان کو سکواڈ میں لینے کی بات کی تو ٹیم میں شامل کرنا درست لگا۔ میرے خیال سے یہ صرف ٹیسٹ کیپ دینے کا فیصلہ نہیں، ہم نے انہیں سکواڈ میں نہ صرف ان کے ٹیلنٹ کی وجہ سے شامل کیا بلکہ انہیں ضرورت کے وقت کھیلنے دینا بھی ایک اچھا موقع ہوگا۔‘
ریحان احمد انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہوں گے اس سے پہلے انگلینڈ برائین کلوز نے 1949 میں 18 سال کی عمر میں انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کیا تھا۔

شیئر: