Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین میں سفری پابندیوں کا خاتمہ، عالمی سٹاک مارکیٹ میں تیزی

سفری پابندیوں کے خاتمے کے بعد چینی معیشت بحال ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ فوٹو: روئٹرز
چین میں کورونا سے متعلق عائد سفری پابندیوں کے خاتمے کے بعد عوام کو تین سال بعد بیرون ملک سفر کرنے کی مکمل آزادی واپس مل گئی ہے جبکہ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مارچ 2020 سے عائد پابندیوں کے خاتمے پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جو کئی سالوں سے باقی ممالک سے کٹ کر رہ گئے تھے۔ 
چین نے کورونا پابندیاں ختم کرتے ہوئے بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط بھی ہٹا دی ہے۔
پیر کی رات گئے حکومت نے اعلان کیا کہ 8 جنوری سے چین آنے والے مسافروں کو قرنطینہ میں نہیں رہنا پڑے گا۔
چین کے اس اعلان کے بعد دنیا کی دوسری بڑی معیشت کے بحال ہونے اور تیل کی پیداوار میں اضافے کی امید پیدا ہوئی ہے جبکہ بڑی تعداد میں چینی شہری بیرون ملک سفر کے لیے ٹکٹس خرید رہے ہیں۔
منگل کو چین کے شنگھائی انڈکس کے علاوہ سنگاپور اور ممبئی کی سٹاک مارکیٹ میں بہتری کا رجحان دیکھا گیا جبکہ دن کے اختتام پر ٹوکیو کی سٹاک مارکیٹ جنوی کوریا کے مقابلے میں قدرے آگے تھی۔ 
جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک کے حصص میں 0.6 فیصد کے اضافے کے بعد عالمی حصص کے انڈیکس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یورپی 600 انڈیکس میں 0.5 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا جبکہ امریکی سٹاک مارکیٹ میں 0.7 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

چین نے بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم کر دی ہے۔ فوٹو: روئٹرز

سفری پابندیاں اور بالخصوص قرنطینہ کی شرط کے خاتمے کے بعد چین نے اپنی سرحدیں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے دوبارہ کھول دی ہیں جس سے سیاحت کی صنعت بھی بحال ہوگی۔
دارالحکومت بیجنگ کی 27 سالہ شہری چنگ چنگ نے اے ایف پی کو بتایا کہ سفر کرنے کے جو منصوبے انہوں نے تین سال بنائے وہ اب پورے ہو سکیں گے۔
’مجھے اب محسوس ہو رہا ہے کہ (کورونا کی) وبا بالآخر اب ختم ہو گئی ہے۔
کورونا پابندیاں ہٹانے کے بعد سے چین میں وائرس کے کیسز میں اس قدر اضافہ دیکھنے ہو کہ ہسپتالوں میں بھی مریضوں کے لیے جگہ کم پڑ گئی۔
سخت پابندیاں عائد کر کے ہی چین نے بڑی حد تک کورونا کے پھیلاؤ پر کامیابی سے  قابو کیا ہوا تھا جبکہ دیگر ممالک نے ویکسین اور بوسٹر شاٹس کے ذریعے عوام میں اس وائرس کے خلاف قوت مدافعت میں پیدا کی تھی۔
چین کے مرکزی شہر سنگھائی کی شہری چن نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بالآخر چین واپس معمول پر جا رہا ہے، اب وہ اپنے والدین کو ملنے لندن جا سکیں گی۔

شیئر: