Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پی ٹی آئی ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرے گی‘

فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی استعفوں کے حوالے سے سپریم کورٹ جا رہی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کل سے پورے پاکستان میں مہنگائی، معیشت کی تباہی کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ جب تک یہ حکومت نہیں جاتی احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
’کل سے پورے پاکستان میں مہنگائی، معیشت کی تباہی پر ملک گیر احتجاج شروع ہوں گے، ایم این ایز، ایم پی ایز احتجاجی تحریکوں میں شریک ہوں گے، تین ہفتوں بعد عمران خان اس تحریک کو جوائن کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے گیارہ جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ لے لیں، ہمارے تمام ایم پی ایز خود اسمبلی میں آئیں گے۔ ان کے مطابق 177 ممبران پی ٹی آئی  سے رابطے میں ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے الیکشن سے متعلق بیان کو مس رپورٹ کیا گیا۔
’عمران خان نے یہ کہا ہے کہ یہ حکومت الیکشن نہیں کرانا چاہتی، الیکشن مارچ یا اپریل میں ہی ہوں گے۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی استعفوں کے حوالے سے سپریم کورٹ جا رہی ہے۔
’ٹیکنوکریٹ حکومت کی باتوں کومسترد کرتے ہیں، مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، جو بھی ٹیکنوکریٹ حکومت کا خواب دیکھ رہے ہیں یہ نہیں چل سکتا۔‘
انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کے خلاف 45 مقدمات درج کیے گئے، پیر والے دن اعظم سواتی کی رہائی کے لیے اسلام آباد میں بڑا احتجاج ہوگا۔
’اعظم سواتی کیس میں جس جج نے فیصلہ محفوظ کیا اس جج کو تبدیل کر دیا گیا۔‘
فواد چودھری نے کہا کہ فوج کی لیڈر شپ کی تبدیلی کے معاملے پر نواز شریف ملک میں مارشل لا لگوانا چاہتے تھے، عمران خان کی وجہ سے ملک میں مارشل لا نہیں لگا۔

شیئر: