Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سکالر نے برفانی طوفان میں پھنسی معمر امریکی خاتون کو بچا لیا

گزرنے والے بیشتر راہگیر معاوضہ وصول کیے بغیر مدد نہیں کررہے تھے (فوٹو العربیہ چینل)
سعودی سکالر محمد السھلی نے برفانی طوفان میں پھنسی ایک معمر امریکی خاتون کو بچا کر انسانیت کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی سکالر نے بتایا کہ ’میں امریکی شہر بفیلو میں انفارمیشن کرائمز میں اعلی تعلیم حاصل کر رہا ہوں۔ میں اور میرا دوست بدر باعطیہ اشیائے ضرورت خریدنے کے لیے نکلے تھے۔ راستے میں دیکھا کہ  ایک معمر خاتون شدید سردی اور برفباری میں مشکل میں پھنسی ہوئی ہے‘۔
سعودی سکالر نے کہا کہ ’اگر ہم معمر خاتون کی مدد نہ کرتے تو وہ مر جاتی کیونکہ ان دنوں امریکہ میں شدید برفباری ہو رہی ہے‘۔

بوڑھی خاتون بار بار ہم سے سروس چارجز دریافت کرتی رہی۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)

محمد السھلی نے بتایا کہ ’وہاں سے گزرنے والے بیشتر راہگیر معاوضہ وصول کیے بغیر یہ کام نہیں کر رہے تھے اور ہم نے محسوس کیا کہ امریکی خاتون معاوضہ ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ ہم دونوں نے امریکی خاتون کی مدد کی‘۔
’امریکی خاتون یہ سن کر انتہائی جذباتی ہو گئیں کہ ہمیں ان سے خدمت کے بدلے میں کچھ نہیں چاہیے۔ بوڑھی خاتون  بار بار ہم سے سروس چارجز دریافت کرتی رہی اور ہم یہ کہہ کر معذرت کرتے رہے کہ ہم نے جو کچھ کیا وہ ہمارا فرض تھا۔ اپنے مذہب اسلام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے آپ کی خدمت کی۔ ہمارا مذہب ہمیں تعاون اور مدد کی ترغیب دیتا ہے‘۔
سعودی سکالر نے بتایا  کہ ’ان دنوں امریکہ میں برفباری کا جو طوفان آیا ہوا ہے اس کی نظیر 40 برس میں نہیں ملتی۔ اس دوران 5400 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔ شدید برفباری سے شاہراہیں بند ہیں۔ درجہ حرارت نہایت کم ہے‘۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: