Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 10650 کی حد عبور کر گیا 

 سعودی مارکیٹ میں پیر کو 136.6 ملین شیئرز کا لین دین ہوا ہے( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی سٹاک مارکیٹ (تداول) نے پیر 9 جنوری کو تیل کے نرخوں میں اضافے کے بعد اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ انڈیکس 10650 پوائنٹ تک پہنچ گیا۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق تیل کے نرخوں میں اضافے سے انڈیکس 1.05 فیصد بڑھ گیا۔
پیر کو تیل کے نرخوں میں اس وقت تقریبا تین فیصد اضافہ ہوگیا جب چین کی جانب سے اپنی سرحدیں کھولنے کے فیصلے کے باعث پٹرول کی طلب بڑھ جانے کے امکانات بڑھ گئے۔
تاسی انڈیکس میں 4.2 ارب مالیت کے لین دین کے باعث 110.3 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے پوائنٹس کی سطح 10647.18 تک آگئی۔
زاد کنسلٹنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر حسین الرقیب نے کہا کہ’ 2022 کی آخری سہ ماہی کے دوران سعودی سٹاک مارکیٹ میں تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے‘۔ 
حسین الرقیب نے بتایا کہ ’آخری دنوں میں سعودی سرمایہ کارمارکیٹ سے نکل کر بانڈز اور ڈیپازٹ جیسے محفوظ ذرائع کی جانب گئے‘۔ 
 سعودی مارکیٹ میں پیرکو 136.6 ملین شیئرز کا لین دین ہوا۔ ان میں سے 171 کمپنیوں کے شیئرز کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 223 کمپنیوں میں سے  39 ایسی تھیں جن کے  شیئر کی قدر گر گئی۔
تہامہ، امیانتیت، اتحاد الخلیج، البحرالاحمر اور معادن وہ کمپنیاں ہیں جن کے شیئر کی قدر میں 4.52 سے لے کر 9.99 فیصد تک اضافہ ہوا جبکہ ریدان، العربی، ابو معطی، الوطنیہ للتعلیم اور سینومی ریتیل کمپنیوں کے شیئر کی قدر میں 1.71 سے لے کر 2.98 فیصد تک کی کمی واقع ہوئی ہے۔ 

شیئر: