Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کے لیے حج کوٹہ میں دوگنا اضافہ

گزشتہ سال حج سیزن کے دوران عمر کی حد 65 سال سے کم مقرر تھی۔ فوٹو دی ڈیلی سٹار
بنگلہ دیش اور سعودی عرب نے  گزشتہ روز پیر کو حج کوٹہ سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت حج 1444ھ کے لیےبنگلہ دیش سے ایک لاکھ 27 ہزار سے زائد عازمین کو حج کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے، یہ تعداد گزشتہ سال سے دوگنا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ میں سعودی وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ کے ساتھ بنگلہ دیش کے وزیر مذہبی امور فرید الحق خان نےرواں سال حج سے متعلق امور کی دستخطی  تقریب میں شرکت کی۔

بنگلہ دیش سے ممکنہ عازمین نے اس اقدام کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ فوٹو ڈیلی سٹار

واضح رہے کہ سال 1443ھ مملکت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیےعازمین کی تعداد محدودرکھی تھی اور بنگلہ دیش کو 60 ہزارعازمین کا کوٹہ ملا تھا جب کہ کورونا وبا سے قبل بنگلہ دیش کو تقریباً ایک لاکھ  20 ہزارعازمین  بھیجنے کی اجازت تھی۔
بنگلہ دیش کی حج ایجنسیز ایسوسی ایشن کے صدر شہادت حسین تسلیم نے جو سرکاری وفد کے رکن ہیں انہوں نے بتایا ہے کہ بنگلہ دیش اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت رواں برس ایک لاکھ 27 ہزار 198 بنگلہ دیشی عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔
قبل ازیں عازمین حج کے لیے عمر کی مقررہ  حد کی پابندی ختم کر دی گئی ہے جس کے باعث 65 سال یا اس سے زائد عمر عازمین کو بھی حج کے لیے مملکت آنے کی اجازت ہو گی۔

سعودی عرب نے گزشتہ سال مکہ روٹ کے احسن اقدام کا آغاز کیا تھا۔ فوٹو واس

گزشتہ سال حج سیزن کے دوران عمر کی حد 65 سال سے کم مقرر تھی اور حج کی ادائیگی کے لیے کورونا ویکسین کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔
سعودی عرب کی جانب سے عمر کی حد  کو منسوخ کرنے کی خبر کے بعد بنگلہ دیش سے آنے والے ممکنہ عازمین نے اس اقدام کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔
جنوب ایشیا کے ملک بنگلہ دیش کے شمالی شہر راجشاہی سے تعلق رکھنے والے 67 سالہ کسان اشرف عالم نےعمر کی حد کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں 2020 سے حج کرنے کا انتظار کر رہا ہوں لیکن کورونا وبا  کی پابندیوں کی وجہ سے سعادت حاصل نہیں کر سکا۔

ایک لاکھ 27 ہزار 198 بنگلہ دیشی حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔ فوٹو واس

اشرف عالم نے مزید کہا کہ رواں سال عمر کی پابندی کے خاتمے کے بعد  امید کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مجھے مکہ مکرمہ  کی مقدس سرزمین کے سفر اور حج کی ادائیگی  کا موقع عطا فرمائے گا۔
بنگلہ دیش کے جنوبی شہر باریشال سے تعلق رکھنے والے ایک 63 سالہ تاجر محمد کبریا نے بتایا ہے کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ اس سال بنگلہ دیشی زائرین کے لیے کوٹہ محدود نہیں ہوگا۔
انہوں نے بتایاکہ میں اس سال اپنی بیوی اور دو بیٹوں کے ساتھ حج کا ارادہ رکھتا ہوں اور امید ہے کہ ہماری حج کی تیاریاں جلد شروع ہو جائیں گی۔

کورونا وبا کی وجہ سے گزشتہ سال سعادت حاصل نہیں کر سکے۔ فوٹو واس

محمد کبریا نے مزید کہا کہ میں مکہ روٹ کے اقدام میں حصہ لینے کا منتظر ہوں۔ یہ منظم سروس 2019 میں شروع کی گئی جو عازمین کے لیے وقف ہے اور اس کا مقصد سعودی عرب میں داخل ہونے کے لیے  امیگریشن کا عمل آسان بنانا ہے۔
پاکستان، ملائیشیا، انڈونیشیا اور مراکش سمیت بنگلہ دیش ان پانچ  مسلم اکثریتی ممالک میں شامل ہیں جہاں سے سعودی عرب نے گزشتہ سال مکہ روٹ کے احسن اقدام کا آغاز کیا تھا۔
واضح رہے کہ مکہ روٹ سروس کے باعث بنگلہ دیشی عازمین کے لیے آسانی پیدا ہو گی کیونکہ مملکت کے لیے پرواز سے قبل ڈھاکہ ائیرپورٹ پر ہی امیگریشن کی تمام رسمی کارروائیاں مکمل کی جائیں گی۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: