Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیسرا ون ڈے: پاکستان کو شکست، سیریز نیوزی لینڈ کے نام

فخر زمان نے 120 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سینچری مکمل کی (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں دو وکٹوں سے ہرا کر تین ایک روزہ میچز کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔
تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 281 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 49 ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
جمعے کو کراچی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے گلین فلپس 63، کین ولیمسن 53 اور ڈیون کانوے 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کے سلمان آغا اور محمد وسیم نے دو، دو، جبکہ اسامہ میر اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

281 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز میدان میں اترے تو ان کو سیریز میں تباہ کن بولنگ کرنے والے نسیم شاہ کی جگہ محمد حسنین کا سامنا تھا۔ محمد حسنین اپنے ابتدائی سپیل میں متاثر کن بولنگ نہ کر سکے۔ بلیک کیپس کو پہلا جھٹکا اس وقت لگا جب فِن ایلن 25 کے انفرادی سکور پر متبادل فیلڈر طیب طاہر کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد کین ولیمسن میدان میں آئے اور ڈیون کونوے کے ساتھ 63 رنز کی شراکت داری بنائی۔ کونوے جن کی گذشتہ میچ میں سینچری نے نیوزی لینڈ کو فتح دلائی تھی، اس میچ میں بھی انہوں نے 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور سلمان آغا کی گیند پر شان مسعود کو کیچ تھما بیٹھے۔
ان کے بعد ڈیرل مچل آئے لیکن وہ 31 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کین ولیمسن نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد وہ رن آؤٹ ہوئے۔ مائیکل بریسویل ابھی کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے کہ اسامہ میر نے انہیں سات رنز پر بولڈ کر دیا۔
ٹام لیتھم بھی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 16 رنز بنانے کے بعد محمد وسیم کے ہاتھوں کیلن بولڈ ہو گئے۔ اسی طرح چھٹے نمبر پر آنے والے مچل سیٹنر بھی 15 رنز کے بعد محمد نواز کا شکار بنے۔ اِش سوڈھی کوئی رن بنائے بغیر محمد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں فخر زمان کے 101، محمد رضوان کے 77 اور سلمان آغا کے 45 رنز کی بدولت نو وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے تین اور لوکی فرگوسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور شان مسعود نے اننگز کا محتاط آغاز کیا، لیکن دونوں کی شراکت داری صرف دو اوورز تک ہی رہ سکی اور لوکی فرگوسن نے شان مسعود کو صفر پر پویلین روانہ کر دیا۔
بابر اعظم جنہوں نے سیریز کے پہلے دو میچوں میں نصف سینچریاں بنائی تھیں، اس میچ میں کچھ خاص نہ کر سکے اور صرف چار رنز بنا کر مائیکل بریسول کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ 
ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد گرین شرٹس دباؤ میں آگئی لیکن اس وقت محمد رضوان میدان میں آئے اور فخر زمان کے ساتھ مل کر نہ صرف ٹیم کو دباؤ سے نکالا بلکہ سکور کو بھی آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 154 رنز کی شراکت داری بنی۔ محمد رضوان 74 گیندوں پر 77 رنز بنا کر اش سوڈھی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ یہ سیریز میں ان کی دوسری نصف سینچری تھی۔ 
آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی فخر زمان تھے۔ انہوں نے مشکل صورت حال میں عمدہ بیٹنگ کی اور 120 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی اور 101 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔
جس وقت فخز زمان اور محمد رضوان وکٹ پر تھے تو یوں لگ رہا تھا کہ پاکستان ایک بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہو جائے گا، لیکن دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد باقی بیٹرز کی جانب سے کچھ خاص کارکردگی سامنے نہ آسکی۔ طویل عرصے بعد ٹیم میں واپس آنے والے حارث سہیل 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
محمد نواز نے جارحانہ بیٹنگ کی کوشش کی لیکن ٹم ساؤتھی نے انہیں جلد ہی واپس پویلین بھیج دیا۔ وہ صرف آٹھ رنز بنا پائے۔ اسی اوور میں اسامہ میر نے ساؤتھی کو پہلے چھکا لگایا اور پھر اگلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
سلمان آغا 43 گیندوں پر چار چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 45 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کا شکار بنے۔ اس سے اگلے اوور میں فرگوسن نے محمد وسیم کو کیچ آؤٹ کیا۔
پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی تھیں اور امام الحق اور نسیم شاہ کی جگہ شان مسعود اور محمد حسنین کو شامل کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ دوسرے ون ڈے میں بلیک کیپس نے پاکستان کو 79 رنز سے شکست دی تھی جبکہ پہلا میچ گرین شرٹس نے چھ وکٹوں سے جیتا تھا۔

شیئر: