Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’داخلی عازمین اب بھی حج کےلیے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں‘

جو عازمین بکنگ کرانا چاہتے ہوں انہیں شرائط کی پابندی کرنا ہوگی( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ’ جو سعودی شہری یا مقیم غیرملکی اندرون ملک سے اس سال حج کا ارادہ رکھتے ہوں وہ  اب بھی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’حج کےلیے رجسٹریشن کا موقع ابھی برقرار ہے جو لوگ بکنگ کرانا چاہتے ہوں انہیں شرائط کی پابندی کرنا ہوگی‘۔ 
وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ’ امیدواروں کو کورونا ویکسین کے علاوہ گردن توڑ بخار اور موسمی انفلوائنزا کی ویکسینیں بھی لگوانا ہوں گی‘۔ 
وزارت نے بیان میں مزید کہا کہ’ وہی عازمین حج پر جاسکتے ہیں جو لاعلاج اور متعدی امراض سے محفوظ ہوں۔ ھجری کیلنڈر کے لحاظ سے ان کی عمر بارہ برس سے زیادہ ہونی چاہیے‘۔
یاد رہے کہ داخلی پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک 70 ہزار سے زیادہ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی اس سال حج کے لیے اندراج کراچکے ہیں۔ 
اس سے قبل وزارت نے بیان میں کہا تھا کہ ’25 جون 2023 تک حج کی بکنگ کرائی جاسکتی ہے بشرطیکہ اس سال داخلی عازمین کے لیے مقرر کوٹے میں اس کی گنجائش ہو‘۔
’ بکنگ کی کارروائی مکمل ہونے پر امیدوار کو موبائل پر ایس ایم ایس کے ذریعے فوری طور پر مطلع کردیا جاتا ہے۔  وزارت حج کی ویب سائٹ یا نسک ایپ کے ذریعے بھی بکنگ کے حوالے سے معلومات لی جا سکتی ہیں‘۔
 وزارت نے اس سال 4 حج پیکیج متعارف کرائے ہیں۔ شروعات 3984 ریال سے ہورہی ہے۔ سب سے بڑا پیکیج 11435 ریال کا ہے۔ 

شیئر: