Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں افراط زر کی شرح 3.3 فیصد بڑھ گئی، قیمتوں میں اضافہ

مملکت میں نومبر میں مہنگائی کی شرح 2.9 فیصد تھی ( فائل فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق دسمبر 2022 میں مملکت کی سالانہ افراط زر کی شرح 2021 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 3.3 فیصد بڑھ گئی ہے۔
عرب نیوز اور الاقتصادیہ کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مملکت کے صارفین کی قیمتوں کے انڈیکس میں اضافہ بنیادی طور پر مکانات، پانی، بجلی، گیس اور دیگر ایندھن کی بلند قیمتوں کی وجہ سے ہوا، جس میں 5.9 فیصد اضافہ ہوا جب کہ کھانے پینے کی قیمتوں میں 4.2 فیصد اضافہ ہوا۔
سعودی عرب میں دسمبر میں افراط زر کی شرح جون 2021 کے بعد سب سے زیادہ رہی جب یہ 6.2 فیصد تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ہاؤسنگ، پانی، بجلی، گیس اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ مکانات کے اصل کرائے میں 6.8 فیصد اضافے کی وجہ سے ہوا جس کے نتیجے میں اپارٹمنٹ کے کرائے کی قیمتوں میں 18.1 فیصد اضافہ ہوا۔
سعودی عرب میں نومبر میں مہنگائی کی شرح 2.9 فیصد تھی جبکہ ستمبر اور اکتوبر میں یہ شرح بالترتیب 3.1 فیصد اور 3 فیصد رہی۔
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی رپورٹ کے مطابق ’مکانات کی قیمتیں دسمبر 2022 میں مہنگائی کی شرح کا بنیادی محرک تھیں۔‘
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مملکت میں ٹرانسپورٹ کی قیمتوں میں سال بہ سال 4.1 فیصد اضافہ ہوا جس کی بنیادی وجہ موٹر کاروں کی قیمتوں میں پانچ فیصد اضافہ ہے۔
دسمبر میں ریستوران اور ہوٹلوں کی قیمتوں میں 6.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا جس کی وجہ کیٹرنگ کی قیمتوں میں 7 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مملکت میں تعلیم سے متعلق اشیا کی قیمتوں میں سال بہ سال 3.6 فیصد اضافہ ہوا جب کہ پری پرائمری اور پرائمری تعلیم کی فیسوں میں 5.9 فیصد اضافہ ہوا۔

ہول سیل کی قیمتوں میں دسمبر میں 2021 کے اسی مہینے کے مقابلے میں 3 فیصد اضافہ ہوا (فوٹو: عرب نیوز)

نومبر کے مقابلے میں ہاؤسنگ، پانی، بجلی، گیس اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں 0.9 فیصد اضافہ ہوا جب کہ ٹرانسپورٹ، ریستوران اور ہوٹلوں کی قیمتوں میں بالترتیب 0.4 فیصد اور 0.2 فیصد اضافہ ہوا۔
اسی طرح سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی ایک اور رپورٹ کے مطابق مملکت میں ہول سیل کی قیمتوں میں دسمبر میں 2021 کے اسی مہینے کے مقابلے میں 3 فیصد اضافہ ہوا جس کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا، مشروبات، تمباکو اور ٹیکسٹائل کی قیمتوں میں 7.5 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق نومبر 2022 کے مقابلے دسمبر 2022 میں زراعت اور ماہی گیری کی مصنوعات کی قیمتوں میں 0.6 فیصد کمی کے نتیجے میں ہول سیل کی قیمتوں میں 0.2 فیصد کمی ہوئی۔

شیئر: