Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 قرآن پاک کی بے حرمتی، دنیا بھر کے مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اقدام: مفتی اعظم

مفتی اعظم کا کہنا ہے کہ اس واقعہ نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو دکھی کردیا ہے( فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب کے مفتی اعلی اور ممتازعلما بورڈ کے سربراہ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے اتوار کو ایک بیان میں سویڈن میں انتہائی دائیں بازو کے مظاہرین کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے اسے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اقدام قرار دیا اور کہا کہ’ اس اقدام سے انتہا پسندی اور فتنہ انگیزی کی آگ بھڑکے گی‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  مفتی اعظم  نے کہا کہ’ ایک انتہا پسند نے سویڈن کے شہر سٹاکہوم میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے دنیا بھر کے مسلمانوں کو دکھی کردیا ہے‘۔ 
مفتی اعلی نے سویڈن حکام کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت کے خلاف سعودی وزارت خارجہ کے بیان کو بھی سراہا۔
انہوں نےعالمی برادری سے اپیل کی کہ ’وہ اس قسم کی حرکتوں کی کسی بھی نام یا عنوان سے مدد کرنے والوں کے خلاف ٹھوس اور فیصلہ کن موقف اختیار کرے‘۔
دریں اثنا سعودی عرب کے ممتاز علما نے بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔
 ایس پی اے کے مطابق ممتازعلما بورڈ جنرل سیکریٹریٹ نے بیان میں کہا کہ’ قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ سے مسلمانوں کے جذبات متاثر ہوئے ہیں۔ یہ حرکت تعصب اور نفرت کی علامت ہے۔ اس سے پرامن بقائے باہم اور روا داری کے اس اصول کو کسی طرح کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا جس کا مطالبہ کیا جا رہا ہے‘۔ 
سعودی علما نے دنیا سے اپیل کی کہ ’وہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے اقدام کی مذمت کریں۔ نفرت بھڑکانے اور انتہا پسندی کو ہوا دینے والے ایسے واقعات کو روکنے کےلیے قانون سازی کی جائے‘۔ 

شیئر: