Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی دارالحکومت ریاض ’بلیک پنک‘ کے لیے گلابی ہو گیا

بلیک پنک ریاض سیزن میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی بینڈز میں سے ایک ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں جاری ریاض سیزن میں پاپ میوزک شائقین کے ساتھ بلیوارڈ انٹرنیشنل زون میں مقبول کورین خواتین کے گروپ بلیک پنک نے ایک شاندار کنسرٹ منعقد کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بلیک پنک ریاض سیزن 2022 میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی بینڈز میں سے صرف ایک ہے۔
مشرق وسطٰی میں منعقد ہونے والے گروپ کے پہلے شو نے مملکت اور بیرون ملک سے آنے والے وزیٹرز کو اپنی طرف متوجہ کیا۔

بلیک پنک اپنے ورلڈ ٹور کے دوران بڑے شہروں میں کنسٹرٹ منعقد کرے گا (فوٹو: ٹوئٹر)

کنسرٹ کے لیے سعودی دارالحکومت کے بہت سے نمایاں مقامات جیسے کنگڈم ٹاور، کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ، الفیصلہ ٹاور، ڈیجیٹل سٹی اور بلیوارڈ ورلڈ کو گلابی رنگ میں روشن کیا گیا تھا۔
بلیک پنک اپنے ورلڈ ٹور کے دوران ابوظبی، ہانگ کانگ، کوالالمپور، منیلا، جکارتہ اور بنکاک سمیت دیگر بڑے شہروں میں کنسٹرٹ منعقد کرے گا۔
بینڈ کے چار ارکان جسو، جینی، روز اور لیزا سٹیج پر آئے اور اپنے مداحوں کی مسلسل محبت، تعریف اور حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
کنسرٹ کے ٹکٹوں کی زیادہ مانگ کی وجہ سے کنسرٹ کو مسزول پارک سے بلیوارڈ انٹرنیشنل فیسٹیول سائٹ پر منتقل کر دیا گیا۔
کنسرٹ کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ بینڈ کے ہر رکن نے سولو پرفارمنس سے شائقین سے بے پناہ داد وصول کی۔ کنسرٹ کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔
25 سالہ مداح سعیدہ فاطمہ نے کہا کہ ’میری خواہش تھی کہ بلیک پنک کو لائیو پرفارم کرتے ہوئے دیکھوں جو پوری ہو گئی۔ اگرچہ سردی تھی لیکن شائقین میں بہت جوش تھا اور ہم انہیں داد دینے سے روک نہیں پائے۔‘
بلیک پنک کی اور مداح مونا نے اپنے پسندیدہ بینڈ کی پرفارمنس کے بارے میں کہا کہ ’ان کی کارکردگی حیرت انگیز تھی۔ میں دل سے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ وہ مستقبل میں مزید ترقی حاصل کرے۔‘

شیئر: