Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجلی کا بریک ڈاؤن: ’سب کچھ متاثر، وزیر کہتے ہیں بحران نہیں‘

پاکستان میں پیر کی صبح ملک کے ایک بڑے حصے بشمول کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں اچانک بجلی غائب ہوگئی اور وزارت توانائی کی جانب سے عوام کو مطلع کیا گیا کہ ایسا نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہونے کی وجہ سے ہوا ہے۔
وزارت توانائی نے ایک ٹویٹ میں یہ بھی کہا کہ اس بریک ڈاؤن سے ملک کا ایک بڑا حصہ متاثر ہوا ہے۔
تاہم تقریباً 9 بجے کے قریب وزارت توانائی نے ایک اور بیان میں کہا کہ ’پچھلے ایک گھنٹے میں اسلام آباد سپلائی کمپنی اور پشاور سپلائی کمپنی کے محدود تعداد میں گرڈ سٹیشنز بحال کردیے گئے ہیں۔‘
وزیر توانائی خرم دستگیر نے شام کوایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ آج رات تک بجلی بحال کردی جائے گی۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی بڑی تعداد حکومت پر طنز و تنقید کرتی ہوئی نظر آرہی ہے۔
صحافی و تجزیہ کار اویس توحید نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ملک بھر میں بجلی کی بندش کے باعث ہسپتال، سکول اور کاروبار متاثر ہوئے ہیں لیکن وفاقی وزیر خرم دستگیر کہتے ہیں کہ یہ کوئی بڑا بحران نہیں۔‘
میڈیا کی معروف شخصیت انوشے اشرف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ہم اربوں روپے اپنی سرحدوں اور مفاد کے تحفظ کے لیے خرچ کر رہے اور دوسری طرف ہمارے ملک میں گیس، ڈالر اور بجلی ختم ہو رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’پاکستان منتخب کیے گئے کچھ خاندانوں کے لیے کاروبار ہے اور باقی ہم سب صرف بھیڑیں ہیں۔‘
صحافی و تجزیہ کار سیرل المیدہ نے طنزاً لکھا کہ ’بجلی فیول اور ڈالرز بچانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ پورا ملک بند کردیا جائے۔‘
طیب بن طارق نامی صارف نے لکھا کہ ’نجی سیکٹر میں کچھ منٹوں کی بجلی کی معطلی کے باعث نوکریاں چلی جاتی ہیں لیکن اس حکومت میں قومی سطح پر بجلی کی معطلی سے بھی کوئی اثر نہیں پڑے گا۔‘
بجلی کی بندش کا معاملہ بلکل بھی ایسا نہیں جسے سنجیدہ نہ لیا جائے لیکن پاکستانی سوشل میڈیا پر صارفین کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو شاید اپنے غم بھلانے کے لیے طنز و مزاح اور میمز کا سہارا لیتی ہے۔
شہزور احمد نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’پورے ملک میں بجلی نہیں؟ کیا یہ میرا عزیز ہم وطنوں والا وقت ہے؟‘
جہاں کچھ لوگوں کو صبح بجلی کی بندش کے باعث اپنے دفاتر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا تھا وہاں کچھ سوشل میڈیا صارفین ایسے بھی ہیں جن کے لیے اس وقت سب سے بڑا مسئلہ موبائل فون کا چارج نہ ہونا ہے۔
احمد نامی صارف نے شاہ رخ خان کی فلم ’میں ہوں ناں‘ سے ایک میم نکالی اور لکھا ’پاور بریک ڈاؤن میں 100 فیصد چارجنگ؟‘ اور فلم کے ہیرو کے منہ سے کہلاوایا کہ ’سب کی نہیں ہوتی۔‘
ایک اور صارف طارق اسماعیل جتوئی نے لکھا کہ ’ملک ری سٹارٹ ہو رہا ہے آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔
عدیل غوری نامی صارف کو بجلی کی بندش نے حال ہی میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی انڈین فلم ’مشن مجنوں‘ کی یاد دلا دی جس کی کہانی ایک ایسے انڈین جاسوس کے گرد گھومتی ہے جو پاکستان میں نیوکلیئر پلانٹس ڈھونڈ رہا ہے تاکہ اسے تباہ کر سکے۔
ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’مشن مجنوں والا سدھاتھ آیا تھا نیوکلیئر پلانٹ اڑانے، کسی لاہوری نے غلط راستہ بتا کر الیکٹرک پاور پر بھیج دیا۔ وہ پاور پلانٹ اُڑا کر چلا گیا۔‘

شیئر: