Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’محسن نقوی نامنظور‘، لاہور میں پی ٹی آئی کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے

اتوار کو محسن نقوی کو وزیراعلٰی تعینات کرنے کا اعلان کیا گیا تھا (فوٹو: گورنر ہاؤس)
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے نگراں وزیراعلٰی محسن نقوی کی تعیناتی کے خلاف الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کیا۔
منگل کو جمع ہونے والے کارکنوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔
مطاہرین نے ’محسن نقوی نامنظور‘ کے نعرے بھی لگائے۔
 خیال رہے عمران خان نے پیر کو نگراں وزیراعلٰی کی تعیناتی کے خلاف احتجاج کی کال دی تھی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’پہلا احتجاجی مظاہرہ منگل کو لاہور میں جبکہ دوسرا بدھ کو راولپندی میں ہو گا۔‘
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کے مستقبل کو بچانے کے لیے ہر روز مختلف شہروں میں مظاہرے کیے جائیں گے۔
انہوں نے نگراں وزیراعلٰی پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم اس آدمی کو تسلیم نہیں کرتے جو ایک ایجنڈے کے تحت آیا ہے۔‘
عمران خان نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ وہ وہ انتخابات کی تاریخ لینے اور محسن نقوی کی تعیناتی کے خلاف عدالت جا رہے ہیں۔
’محسن نقوی کو وزیراعلٰی بنانے کے پیچھے وہی لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان پر کاٹا لگایا تھا۔‘
خیال رہے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد شعبہ صحافت سے وابستہ اور نیوز چینل کے مالک محسن نقوی کو نگران وزیراعلٰی تعینات کیا گیا تھا۔
اتوار کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ’مکمل غوروحوض کے بعد سید محسن نقوی کو نگران وزیراعلٰی پنجاب تعینات کیا گیا ہے اور باضابطہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔‘
اسی روز ہی سابق وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہی نے تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا تھا۔

شیئر: