Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ میں ’زندگی کے رنگوں سے بھرپور پاکستان‘

سجل علی ایک سیریز میں امراؤ جان کا کردار ادا کرنے جا رہی ہیں۔ فوٹو: انسٹا سجل علی
گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستانی اداکارہ سجل علی کامیابی کی سیڑھیاں چڑھنے میں مصروف ہیں۔ اس کی شروعات گزشتہ برس ہوئی جب جمائما گولڈ سمتھ کی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ میں سجل علی کی پہلی جھلک جاری کی گئی جس میں وہ ایک پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
جمائما کی لکھی اور پروڈیوس کردہ اس فلم کو آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کر دیا گیا ہے تاہم سجل علی کے مداحوں کو پاکستان میں اس فلم کی نمائش کا انتظار ہے۔
اس حوالے سے امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ فلم کو پاکستان میں رواں برس مارچ تک ریلیز کیا جائے گا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جمائما کا کہنا تھا کہ اس فلم میں پاکستانی معاشرے کے مثبت پہلو کو اجاگر کیا ہے، سکرین پر زندگی کے رنگوں اور خوشیوں سے بھرپور پاکستان دیکھیں گے۔
اس فلم کے ساتھ ہی قسمت کی دیوی سجل علی پر مہربان ہوئی اور انہیں ایک اور بین الاقوامی پراجیکٹ مل گیا جس میں وہ مشہور زمانہ ’امراؤ جان ادا‘ کا کردار ادا کریں گی۔
اٹھارویں صدی میں لکھے گئے اس ناول پر کئی بار فلمیں بنائی جا چکی ہیں۔ سنہ 1972 میں بنائی گئی پاکستانی فلم ’امراؤ جان ادا‘ میں فلم سٹار رانی نے یہ کردار ادا کیا تھا تاہم اب ابوظہبی میں قائم ساؤتھ ایشین سیلیبریٹی مینجمنٹ ایجنسی ایکشن کنسلٹنسی کی جانب سے 8 قسطوں پر مشتمل سیریز پر کام جاری ہے۔
بین الاقوامی طور پر اپنے فن کا جادو دکھانے والی سجل علی صرف بڑے پردے پر ہی نہیں بلکہ ٹیلی ویژن سکرین پر بھی ان دنوں پسند کی جا رہی ہیں۔ ان کا ڈرامہ ’کچھ ان کہی‘ ان دنوں شائقین میں کافی مقبول ہو رہا ہے۔ 

دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے کامیابی کے سفر کے 100 دن مکمل کر لیے ہیں۔ فوٹو: انسٹا مولا جٹ

سکرپٹ پڑھ کر ہی کام کرنے کا فیصلہ کرتی ہوں، سجل علی 
رواں ماہ شروع ہونے والے ڈرامے ’کچھ ان کہی‘ میں سجل علی اور بلال عباس خان کی اداکاری کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ محمد احمد کے تحریر کردہ اس ڈرامے کی کاسٹ میں میرا سیٹھی اور ونیزہ احمد سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
ان دنوں مقبول ہونے والے ڈراموں میں ’تیرے بن‘ بھی شامل ہے جہاں ڈرامے کے ایک ایک مناظر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ وہیں شائقین نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ ڈرامے کے ٹائٹل سانگ سمیت کئی مناظر پڑوسی ملک سے کاپی کیے گئے ہیں۔
اس ہفتے ڈرامہ سیریل ’یونہی‘ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اداکارہ مایا علی اور بلال اشرف کا یہ ڈرامہ جلد ہی ٹیلی ویژن سکرینز پر نظر آئے گا۔ 
اس حوالے سے مایا علی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’میں ڈرامے کی کہانی پڑھنے کے بعد ہی فیصلہ کرتی ہوں کہ آیا مجھے یہ ڈرامہ کرنا ہے یا نہیں۔ جب میں نے اس ڈرامے کی کہانی پڑھی تو مجھے بہت زیادہ پسند آیا اور میں نے بلال کو بھی مشورہ دیا کہ تمہیں اس ڈرامے میں ضرور کام کرنا چاہئیے۔‘
 بلال اشرف ڈرامے میں داؤد اور مایا علی کنیز فاطمہ نامی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ سکرین پر پہلی مرتبہ دونوں جوڑی کے طور پر نظر آئیں گے۔
آن سکرین جوڑی کی بات کریں تو ماضی میں حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور اور عثمان مختار کی جوڑی کو بہت پسند کیا گیا تھا۔ دونوں نے ڈرامہ سیریل ’انا‘ میں شاندار اداکاری سے مداحوں کے دل جیتے تھے۔

جمائما کی فلم پاکستان میں مارچ تک ریلیز کیی جائے گی۔ فوٹو: انسٹا جمائما سمتھ

تاہم اس ہفتے نیمل خاور کی ایک پوسٹ نے ان کے مداحوں کو پھر سے اس وقت پُرجوش کر دیا جب انہوں نے عثمان مختار کے ساتھ ایک تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ری یونین! کچھ آ رہا ہے! دیکھتے رہیں۔‘
اس پوسٹ سے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ دونوں جلد کسی ڈرامے میں ایک ساتھ نظر آنے والے ہیں۔
ماہر خان اور فواد خان ’نیلوفر‘ میں ایک ساتھ
پاکستانی فلمی شائقین کو رواں برس جن فلموں کا انتظار ہے ان میں فلم نیلوفر بھی شامل ہے۔ اس فلم میں ماہرہ کے ساتھ فواد خان نظر آئیں گے۔ اس سے قبل دونوں اداکاروں نے دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔
بلاک بسٹر فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے اسی ہفتے اپنی کامیابی کے سفر کے 100دن مکمل کر لیے ہیں۔ اس فلم کے ذریعے کئی سال بعد ہندوستان کے چند ہی سہی مگر سینما گھروں میں کوئی پاکستانی فلم پیش کی گئی۔ شاید دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے جو بیج بویا اس کا صلہ پاکستانی فلم جوائے لینڈ کو مل گیا۔
فلم ’جوائے لینڈ‘ آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد تو نہ ہوسکی لیکن مارچ میں انڈیا میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جو دس سالوں بعد پورے ملک میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم ہوگی۔
مارچ کے مہینے میں ہی اداکار محسن حیدر عباس کی فلم ’سپر پنجابی‘ ریلیز کی جائے گی جس کا اعلان فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے کیا گیا۔

فلم نیلوفر میں ماہرہ اور فواد خان ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ فوٹو: انسٹا ماہرہ خان

ایک اور خبر یہ بھی سامنے آئی ہے کہ پنجاب فلم سنسر بورڈ کو ہی تحلیل کر دیا گیا ہے۔
بورڈ کے چیئرمین چوہدری گل زمان سمیت تمام ممبران کو فارغ کر دیا گیا ہے جن میں آمنہ الفت،عمارہ حکمت، عابد رشید، علی تنویر، ضیغم گوندل، جگن کاظم اور فاطمہ احمد خان شامل ہیں۔
فلمی دنیا میں ایک ہلچل یہ ہوئی کہ عمیر جسوال کے بعد اب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شعیب اختر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی زندگی پر بننے والی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ ’گئی بھینس پانی میں‘ فلم اب نہیں بننے والی۔

شیئر: