Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا لسبیلہ بس حادثے پر افسوس کا اظہار

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مسافر بس پُل کی حفاظتی دیوار کو توڑتے ہوئے نیچے گری (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اتوار سعودی وزارت خارجہ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’وزارت خارجہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں بس حادثے میں متعدد افراد کے ہلاک و زخمی ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔‘
مزید کہا گیا کہ ’وزارت سعودی عرب کی طرف سے حادثے کا شکار ہونے والوں کے لواحقین، حکومتِ پاکستان اور عوام سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے، اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش مند ہے۔‘
واضح رہے کہ کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس کو لسبیلہ کے قریب حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 39 مسافر ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوئے۔
اتوار کی صبح اسسٹنٹ کمشنر بیلہ حمزہ انجم ندیم نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسافر بس میں خواتین اور بچوں سمیت 48 افراد سوار تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد تین افراد کو ریسکیو کیا جا سکا اور بس میں آگ لگنے کے باعث دیگر افراد پھنس کر رہ گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے 39 مسافروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ ’زیادہ تر لاشیں جل جانے کے باعث ناقابل شناخت ہیں اور اُن کو ڈی این اے کرایا جائے گا۔‘
حمزہ انجم ندیم نے بتایا کہ ممکنہ طور پر حادثہ تیز رفتار کے باعث پیش آیا ہوگا اور مسافر بس موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں گری۔ ’زخمی ہونے والے مسافروں کا قریبی ہسپتال میں علاج جاری ہے۔‘
مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مسافر بس پُل کی حفاظتی دیوار کو توڑتے ہوئے نیچے گری جس کے باعث زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔

شیئر: