Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابشر کے ذریعے خروج و عودہ میں توسیع نہ ہونے پر کیا کریں؟

رکاوٹ کی صورت میں ابشر کی سروس ’تواصل ‘ سے رجوع کیا جائے(فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جو وزارت داخلہ کا ذیلی ادارہ ہے قوانین کے مطابق  مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے، خروج وعودہ اور خروج نہائی کے اجرا کا ذمہ دار ہے۔
مملکت میں رہائش پذیرغیرملکی افراد جب مستقل بنیاد پر اپنے ملک جاتے ہیں تو انہیں فائنل ایگزٹ جسے عربی میں خروج نہائی کہا جاتا ہے حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جبکہ چھٹی پر جانے کے لیے خروج و عودہ لینا ہوتا ہے۔
جوازات کے ٹوئٹر پرایک شخص نے استفسار کیا کہ ’اہلیہ خروج وعودہ پر گئی ہوئی ہیں۔ خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کےلیے مطلوبہ فیس ادا کرنے کے بعد درست طریقہ استعمال کرتے ہوئے ابشرسے توسیع کی کمانڈ دی مگرمکمل نہیں ہوئی بلکہ جوازات رجوع کرنے کا میسج موصول ہوا، اس صورت میں کیاکروں؟۔ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے  جوازات کا کہنا تھا کہ’ ڈیجیٹل ذریعے سے خروج وعودہ کی کارروائی میں کسی قسم کی رکاوٹ ہونے کی صورت میں ابشرپلیٹ فارم کی سروس ’تواصل ‘ سے رجوع کیا جائے جہاں درخواست نمبرکے ساتھ معاملے کے بارے میں اطلاع فراہم کی جائے‘۔ 
واضح رہے گزشتہ برس سے سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے بیرون مملکت گئے ہوئے تارکین کے اقاموں اورخروج وعودہ کی مدت میں توسیع کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 
اس سال حکومت کی جانب سے مملکت سے باہرگئے ہوئے تارکین کے خروج وعودہ اوراقامہ کی تجدید کی فیس میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ 
وہ تارکین جومملکت سے باہر ہیں اوروہ خروج وعودہ کی مدت میں اضافہ کرانا چاہتے ہیں انہیں اب ایک ماہ کی فیس سو ریال کے بجائے 200 ریال ادا کرنے ہوں گے۔ 
خیال رہے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کےلیے بینک اکاونٹ کے ’سداد‘ سسٹم فیس جمع کرانے کے لیے دوآپشن ہیں جن میں ایک خروج وعودہ کے اجرا کی فیس کا ہے جبکہ دوسرا بیرون مملکت خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے لیے ہے۔ 

ابشر کی تواصل سروس کے ذریعے تین سے پانچ دن میں جواب دیا جاتا ہے( فائل فوٹو: ایس پی اے)

وہ افراد جو مملکت سے باہرہیں ان کے ایگزٹ ری انٹری کی مدت میں توسیع کے لیے دوسرے آپشن کو استعمال کیاجائے۔ فیس کی ادائیگی کے بعد ابشرکے ذریعے توسیع کی کمانڈ دی جائے۔ 
کسی وجہ سے ابشرکے خودکارسسٹم کے ذریعے سے توسیع نہ ہونے کی صورت میں ابشرپرہی موجود ’تواصل‘ سروس کا انتخاب کرکے معاملہ اپ لوڈ کریں۔ 
تواصل سروس کو آپریٹ کرنے والے اہلکار موصول ہونے والے معاملے کو متعلقہ ادارے کے ذمہ داران تک پہنچا دیتے ہیں جو معاملہ پرفوری کارروائی کرتے ہوئے سسٹم کو اپ ڈیٹ کردیتے ہیں۔ 
ابشر کی تواصل سروس کے ذریعے ہفتہ وار تعطیلات کے علاوہ تین سے پانچ دن میں مکمل کردیاجاتا ہے۔
خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرانے کے بعد اس کا ڈیجیٹل ورژن بیرون ملک گئے ہوئے متعلقہ شخص کو ارسال کردیاجائے کیونکہ بعض ممالک کے امیگریشن کے ادارے کے اہلکار خروج وعودہ کے پرنٹ کا مطالبہ کرتے ہیں۔

شیئر: