Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کو ایشین فٹبال کپ 2027 کی میزبانی مل گئی

مقابلے سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار ہوں گے (فوٹو ٹوئٹر سعودی وزارات سپورٹس)
ایشین فٹ بال کنفیڈریشن نے اعلان کیا کہ سعودی عرب پہلی بار 2027 اے ایف سی ایشین کپ کی میزبانی کرے گا۔ 
پرتگالی فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو کے سعودی کلب النصر سے معاہدے اور فیفا ورلڈ کپ میں سعودی عرب کی ٹیم کی بہترین کارکردگی کے بعد اس خبر نے مملکت نے دنیا کے سب سے مقبول کھیل کے مرکز کے طور پر اپنی پہچان بنائی ہے۔
الاخباریہ اورعکاظ کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں ایشین فٹبال کپ 2027 کا انعقاد مملکت سمیت پورے براعظم میں فٹبال کے روشن مستقبل کا زریں موقع ثابت ہوگا۔ 
سعودی ولی عہد کا کہہنا ہے کہ ہم ایشین فٹبال کے لیے نئے افق کھولنے کے حوالے سے پرعزم ہیں۔ 
یاد رہے کہ ایشین فٹبال کپ کے مقابلے سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار ہوں گے۔  
ایشین فٹبال  آرگنائزیشن نے  بحرین کے دارالحکومت منامہ میں جنرل اسمبلی کے 33 ویں اجلاس میں سعودی عرب کی میزبانی کا اعلان کیا۔
اجلاس میں سعودی وزیرسپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل اور سعودی فٹبال آرگنائزیشن کے سربراہ یاسر المسجل موجود تھے۔
ایشین آرگنائزیشن نے گزشتہ اکتوبر کے وسط میں بتایا تھا کہ ایشین فٹبال کپ 2027 کی میزبانی کےلیے انڈیا اور سعودی عرب امیدوار ہیں۔ قطر میزبانی کے امیدواروں کی فہرست سے نکل گیا تھا۔ 
 سعودی وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے کہا کہ ’اب نیا دور شروع کرنے کا وقت آگیا ہے۔ ایشین فٹبال کپ ٹورنامنٹ 2027 کی سعودی عرب میں میزبانی ہمارے لیے اعزاز ہے اور ہم بے حد خوش ہیں‘۔

سعودی عرب ایشین فٹبال کپ کی میزبانی کے لیے پوری طرح سے تیار ہے (فوٹو:عرب نیوز)

انہوں نے  کہا کہ’ ہم پورے ایشیا کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہیں گے اور سپورٹس کے  بڑے بین الاقوامی مقابلے  کی میزبانی کے  حوالے سے اہم اقدامات کریں گے‘۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم آپ سے وعدہ کرتے ہیں کہ  ایشین فٹبال کپ  2027 ہر پہلو سے معیاری ہوگا‘۔ 
سعودی وزیر سپورٹس کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب ایشین فٹبال کپ کی میزبانی کے لیے پوری طرح سے تیار ہے‘۔
علاوہ ازیں شیخ سلمان بن ابراہیم آل خلیفہ کو تیسری مرتبہ ایشین فٹبال آرگنائزیشن کا سربراہ منتخب کیا گیا ہے۔  وہ 2023 سے2027 تک آرگنائزیشن کی سربراہی کریں گے۔ ایشیا کے ہرعلاقے سے پانچ نائب منتخب کیے گئے ہیں۔ 
سعودی فٹبال آرگنائزیشن کے سربراہ یاسر المسجل کو فٹبال ورلڈ آرگنائزیشن ’فیفا‘ کی مجلس انتظامیہ کا رکن منتخب کرلیا گیا جو 2023 سے 2027 تک رکن رہیں گے۔

شیئر: