Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نے ضمنی انتخاب لڑنے کے فیصلے پر ’یوٹرن‘ کیوں لیا؟

عمران خان نے خود 33 حلقوں سے ضمنی انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سابق وزیراعظم عمران خان نے 16 مارچ کو شیڈول ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف سٹاف آفیسر شبلی فراز نے اردو نیوز کو تصدیق کی ہے کہ ’عمران خان قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’پی ٹی آئی کے سابق ارکان اسمبلی ہی متعلقہ حلقوں میں قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات لڑیں گے، متعلقہ حلقوں کے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔‘
عمران خان نے پارٹی کو الیکشن مُہم کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے جس کا شیڈول آئندہ چند روز میں تیار کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خود 33 حلقوں سے ضمنی انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا تھا۔
شیڈول کے مطاق قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی چھ سے آٹھ فروری تک جمع کروائے جائیں گے جبکہ 16 مارچ کو پولنگ ہوگی۔

عمران خان نے حکمت عملی کیوں تبدیل کی؟ 

پی ٹی آئی کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے ضمنی انتخابات کی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے سابق امیدواروں کو ہی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کے ایک عہدیدار نے اُردو نیوز کو بتایا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ لینے اور شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ایک بار پھر حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔

قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے 16 مارچ کو پولنگ ہوگی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں منحرف ارکان سے تعداد بڑھا کر اپوزیشن لیڈر کا عہدہ حاصل کر سکتی ہے جبکہ اعتماد کے ووٹ میں منحرف ارکان کے ووٹ دینے سے روک سکتی ہے۔‘
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی تحریک انصاف قومی اسمبلی سے وزیراعظم کو صدر کے ذریعے اعتماد کا ووٹ لینے کی حکمت عملی بنائی تھی، تاہم سپیکر قومی اسمبلی نے مرحلہ وار 124 استعفی منظور کر لیے تھے جس کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی 27 نشستیں رہ گئی ہیں جبکہ اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کو 22 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔

شیئر: