Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی

اسلام آباد کا ایف نائن پارک وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ (فوٹو: وکی پیڈیا)
اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ایک لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
سنیچر کو تھانہ مارگلہ کی پولیس نے کہا ہے کہ یہ واقعہ جمعرات دو فروری کو شام آٹھ بجے کے بعد پیش آیا جب متاثرہ لڑکی اپنے دوست کے ساتھ واک کے لیے گئی تھی۔
متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ایف نائن پارک میں دو مسلح افراد نے ان کو ڈرا دھمکا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق زیادتی کے بعد ان کے کپڑے دُور پھینکے گئے تاکہ وہ بھاگ نہ سکیں۔
ان کے مطابق مسلح افراد نے ان کو چیزیں واپس کیں اور کہا کہ ’کسی کو کچھ نہیں بتانا، اس وقت پارک نہ آیا کرو اور خود جنگل کی جانب بھاگ گئے۔‘
ایف آئی کے متن کے مطابق مسلح افراد نے لڑکی کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور جنگل میں ان کے دوست کو بھی مارا پیٹا جس کو بعد میں علیحدہ کیا گیا۔
پولیس نے متاثرہ لڑکی کا میڈیکل پمز ہسپتال سے کروایا ہے۔ واقعے کی ایف آئی آر تھانہ مارگلہ میں درج کی گئی ہے۔
اسلام آباد کی پولیس نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’وقوعہ کے وقت پارک میں موجود لوگوں اور انتظامیہ سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور مشکوک افراد کے ڈی این اے بھی لیے جا رہے ہیں۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ کیمروں اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جلد ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
2018 میں بھی ایف نائن میں ایک لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا پیش آیا تھا۔ اس کیس میں سی ڈی اے کے ملازمین اور گارڈ ملوث تھے۔

شیئر: