Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او آئی سی کی جانب سے ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کےلیے ہنگامی مدد کی اپیل

تباہ کن زلزلے سے ترکیہ اور شام میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں (فائل: فوٹو سبق)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نےرکن ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں سے ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان  کی  ہنگامی مدد کی اپیل کی ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین طہ نے رکن ملکوں اور بین الاقوامی فریقوں سے کہا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر زلزلہ زدگان کی مدد کریں۔ تباہ کن زلزلے سے ترکیہ اور شام میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ 
سیکریٹری جنرل نے اس امید کا اظہار کیا کہ ’یکجہتی کا احساس جو او آئی سی کے رکن ملکوں کا امتیازی وصف رہا ہے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں معاون بنے گا‘۔
ان کا کہنا تھاکہ’ او آئی سی کے رکن ملکوں کے اداروں اور بین الاقوامی برادری کو چاہئے کہ وہ ہنگامی انسانی بحران سے نمٹنے میں ترکیہ اور شام سے تعاون کریں‘۔
’گھروں اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں‘۔ 
یاد رہے کہ ترکیہ اور شام میں پیر کی صبح 7.8 شدت کے زلزلے نے کئی عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 2 ہزار 200 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ترکی میں ایک ہزار 498 اور شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 716 ہو چکی ہے، جبکہ ہزاروں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

شیئر: