Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات سے زلزلہ متاثرین کےلیے امدادی سامان لے کر پہلا طیارہ ترکیہ پہنچ گیا

اماراتی صدر نے ’الفارس الشھم 2‘ امدادی آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا ہے( فائل فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات ابوظبی سے امدادی سامان لے کر پہلا طیارہ جنوبی ترکیہ کے ایئرپورٹ ادانہ پہنچ گیا۔ طبی سازوسامان کے علاوہ امدادی ٹیمیں بھی روانہ کی گئی ہیں۔
 امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے ’الفارس الشھم 2‘ امدادی آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ 
 سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق وزارت دفاع کی مشترکہ آپریشن کمانڈ نے کہا ہے کہ’ شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے‘۔
اس میں مسلح افواج، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، خلیفہ بن زاید آل نہیان فاؤنڈیشن، زاید بن سلمان آل نہیان فاؤنڈیشن اور اماراتی ہلال احمر شریک ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے انسانی اور طبی امداد کا فیصلہ شام اورترکیہ میں زلزلے سے نقصانات کی فوری تلافی کے لیے کیا ہے۔
علاوہ ازیں اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید نے شامی صدر بشار الاسد اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ارودغان سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں ۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں، شام اور ترکیہ کے عوام اور دونوں ملکوں کے سربراہوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اماراتی صدر نے انسانی المیے اور مشکل حالات میں امارات، شام اور ترکیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ’ زلزلے کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد کے لیے تیارہیں‘۔
شام اور ترکیہ کے سربراہوں نے اظہار یکجہتی پر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
علاوہ ازیں امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے شامی صدر بشار الاسد اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ارودغان کے نام تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔ 

شیئر: