Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ترکیہ کے ساتھ کھڑے ہیں‘ سعودی ولی عہد کا صدر اردوغان سے ٹیلیفونک رابطہ 

شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ کے صدر اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
  انہوں نے زلزلے سے متاثرہ خاندانوں، ترک صدر اور برادرعوام سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کے لیے فوری شفا کی آرزو ظاہر کی ہے۔
یاد رہے کہ ترکیہ اور شام میں پیر کی صبح 7.8 شدت کے زلزلے نے کئی عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 2 ہزار 200 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ترکی میں ایک ہزار 498 اور شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 716 ہو چکی ہے، جبکہ ہزاروں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ولی شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’اس قدرتی آفت سے نمٹنےکے لیے سعودی عرب ترکی کی مدد کرے گا اور اس کے ساتھ کھڑا ہے‘۔
ترکیہ کے صدر نے برادرانہ جذبات کے اظہار پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ہے۔
 صدررجب طیب اردوغان نے اس مشکل گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کرنے پر مملکت کے لیے قدرو منزلت کا اظہارکیا۔

شیئر: