Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قتل کی سازش کا الزام، شیخ رشید راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے

عدالت نے شیخ رشید کو کل دو بجے متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد کی عدالت نے شیخ رشید کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے پولیس کو کل دو بجے تک شیخ رشید کو متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
وفاقی پولیس نے شیخ شید کو اسلام آباد کچہری میں ہتھکڑی لگا کر پیش کیا جہاں کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ کیا پہلے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی؟ اس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ پہلی بار کر رہے ہیں، اس سے پہلے نہیں کی گئی۔
شیخ رشید کے وکیل علی بخاری نے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نےحال ہی میں شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد کی تھی، شیخ رشید جیل میں ہیں، کہیں باہر نہیں جا سکتے۔
وکیل علی بخاری نے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کی جس کے بعد پراسیکیوٹر نے راہداری ریمانڈ سے متعلق دلائل دیے۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ شیخ رشید جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، ان کو مری کی عدالت میں پیش کرنا ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے شیخ رشید کو ایک دن کے راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کر دیا۔
عدالت نے شیخ رشید کو کل دو بجے متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
شیخ رشید نے میڈیا سے کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’آج تک کسی نے مجھے سے موجودہ مقدموں کی تفتیش نہیں کی۔ مجھ سے ہمیشہ سیاسی بات کی جاتی ہے۔ یہ عمران خان کو نااہل کرانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔‘
باہر سے تین لوگ جیل میں مجھ ملنے آئے۔ جب کوئی ملنے آتا ہے تو آنکھوں پر پٹی اور ہاتھ باندھ دئیے جاتے ہیں۔ یہ پی ٹی آئی کے اندر سے ایک اور پارٹی بنانا چاہتے ہیں۔‘
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’مجھے بھی وہ یہی کہہ رہے ہیں عمران کا ساتھ چھوڑو۔ یہ عمران خان کو کسی صورت نہیں آنے دیں گے۔ مجھے بتایا گیا صوبائی اور مرکز کے الیکشن اکٹھے ہوں گے۔‘

شیئر: