Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قتل کی سازش کا الزام، شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد

وکیل نے کہا کہ جس انٹرویو میں شیخ رشید نے آصف زرداری سے متعلق بات کی وہ ابھی چلا نہیں تھا اور مقدمہ درج ہو گیا (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شیخ رشید احمد کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی درخواست ضمانت پر سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ہوئی، جس میں تفتیشی افسر نے ریکارڈ عدالت کے سامنے پیش کیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کے روبرو شیخ رشید احمد کے وکیل سردار عبدالرزاق، مدعی مقدمہ کے وکیل اور پراسیکیوٹر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے کہا کہ شیخ رشید پر الزام ہے کہ انہوں نے آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگایا، جس پر وکیل نے شیخ رشید کے عمران خان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے عمران خان کے بیان کو دہرایا کہ آصف زرداری نے عمران خان کے قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔
وکیل نے دلائل میں کہا کہ 29 جنوری کو انٹرویو چلا اور دو دن سے پہلے ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ جس انٹرویو میں شیخ رشید نے بات کی وہ ابھی چلا نہیں تھا اور مقدمہ درج ہو گیا۔ 6 فروری کو ہائیکورٹ نے پولیس کو طلب کر لیا تھا، لیکن پولیس نے مقدمہ درج کر دیا۔ آصف زرداری سے تحقیقات کے بجائے شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
وکیل نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کے قتل کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، اس پر مقدمہ درج نہیں ہو رہا اور آصف زرداری کی بدنامی پر مقدمہ درج ہو رہا ہے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ’ایف آئی آر کالعدم قرار دینے کی درخواست پر نوٹس ہو چکا ہے۔ میری استدعا ہے کہ شیخ رشید کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔ یہ ایک سیاسی کیس ہے۔‘

مدعی مقدمہ کے وکیل نے کہا کہ عمران خان نے الزام لگایا ہے، ان کو کیوں اس کیس میں شامل نہیں کیا گیا؟ (فوٹو: اے ایف پی)

بعد ازاں مدعی مقدمہ کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے الزام لگایا ہے، ان کو کیوں اس کیس میں شامل نہیں کیا گیا؟ 90 کی دہائی میں شیخ رشید پر کلاشنکوف کا کیس بھی ہوا تھا۔ شیخ رشید کو اس سٹیج پر ضمانت نہ دی جائے۔ شیخ رشید دوران حراست بھی لوگوں کو اشتعال دلا رہے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جسے جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے بعد میں سناتے ہوئے شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی۔
شیخ رشید کو دو فروری کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کے خلاف کراچی اور حب میں درج مقدمات پر کارروائی سے روک دیا تھا۔

شیئر: