Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گرفتاریوں کا خدشہ‘ ، امریکہ کی اپنے شہریوں کو فوری روس چھوڑنے کی ہدایت

امریکہ کے سفارت خانے نے الزام عائد کیا کہ ’روسی سکیورٹی سروسز نے امریکی شہریوں کو غلط الزامات میں گرفتار کیا ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکہ نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر روس سے نکل جائیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکہ نے روس میں موجود اپنے شہریوں کو روسی سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے ہراساں اور گرفتار کرنے کے خدشے کے پیش نظر یہ ہدایت کی ہے۔
ماسکو میں امریکی سفارت خانے نے پیر کو کہا ہے کہ ’روس میں مقیم یا وہاں کا سفر کرنے والے امریکی فوری طور پر یہاں سے روانہ ہو جائیں۔‘
’غلط طور پر حراست میں لیے جانے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ روس کا سفر نہ کریں۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امریکہ روس چھوڑنے کے حوالے سے اپنے شہریوں کو انتباہ جاری کرتا رہا ہے۔
گزشتہ برس ستمبر میں امریکہ نے ایسی ایک وارننگ جاری کی تھی۔
روس میں امریکہ کے سفارت خانے نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ ’روسی سکیورٹی سروسز نے امریکی شہریوں کو غلط الزامات میں گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے ہراساں کرنے اور حراست میں لینے کے لیے خاص طور پر امریکیوں کو نشانہ بنایا ہے۔‘
’گرفتار امریکیوں کے ساتھ درست اور شفاف سلوک نہیں کیا گیا۔ انہیں ٹھوس ثبوتوں کے بغیر خفیہ ٹرائلز سے گزارا گیا۔‘
امریکی سفارت خانے نے الزام عائد کیا ہے کہ ’روسی حکام امریکی مذہبی کارکنوں کے خلاف مقامی قوانین کے تحت قابلِ اعتراض قسم کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
گزشتہ ماہ روس کی وفاقی سکیورٹی سروس(ایف ایس بی) نے کہا تھا کہ روس نے امریکی شہری کے خلاف جاسوسی کے شبے میں کریمنل کیس شروع کیا ہے۔

شیئر: