Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین میں کوئلے کی کان گرنے سے چھ ہلاک، 47 لاپتہ

حکام کے مطابق 47 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
شمالی چین میں کوئلے کی کان گرنے سے چھ افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو اندرونی منگولیا کے علاقے الکسا لیفٹ بینر میں ایک کان میں 180 میٹر اونچی ڈھلوان کے گرنے کے بعد سینکڑوں کارکنوں پر مشتمل ایک ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اسی دن ایک اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ابتدائی طور پر امدادی کاموں میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔
چین کے سرکاری چینل سی سی ٹی وی کے مطابق 47 افراد تاحال لاپتہ ہیں جبکہ چھ کو زندہ نکال لیا گیا اور چھ کی لاشیں نکال لی گئیں۔
چین کی وزارت ایمرجنسی مینجمنٹ نے تاکید کی ہے کہ لاپتہ اہلکاروں کی تلاش کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ زندگیاں بچانا اب بھی اولین ترجیح ہے۔
سی سی ٹی وی کی فوٹیج میں ریسکیو ورکرز کو نارنجی رنگ کے لباس اور پیلے ہیلمٹ پہنے ملبہ ہٹاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ کان گرنے سے زنجنگ کول مائننگ کمپنی کے زِیرانتظام کان کا ایک ’وسیع علاقہ‘ متاثر ہوا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کان گرنے کی وجہ کیا تھی۔
تاہم چینی پولیس اس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے اور وزارت ایمرجنسی مینجمنٹ نے بھی ’جامع تحقیقات‘ کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر: