Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معروف لوک بلوچ گلوکار واسو خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

واسو خان پولیس ملازمت کے دوران اپنی منفرد کلوگاری کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنے۔ (فوٹو: بلوچستان گورنمنٹ)
بلوچستان کے معروف لوک گلوکار واسو خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
بلوچستان کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے واسو خان نے معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے کے ساتھ کام کرکے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر شہرت پائی تھی۔
واسو خان کے خاندان کے مطابق ’واسو گاجانی عرصہ دراز سے شوگر بلڈ پریشر سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھے۔ جمعہ کی شب اپنے آبائی علاقے میں انتقال کر گئے۔‘
واسو کا اصل نام محمد وارث تھا۔ ان کا تعلق بلوچستان کے ضلع صحبت پور کے گاؤں گور ناڑی سے تھا۔ وہ محکمہ پولیس بلوچستان میں درجہ چہارم کے ملازم تھے۔ وہ پولیس ملازمت کے دوران اپنی منفرد کلوگاری کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے جس میں وہ علاقائی اور ملکی سیاست پر تنقید کرتے تھے۔
تاہم انہیں اصل شہرت ریٹائرمنٹ کے بعد معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے کے ٹی وی پروگرام ’واسو اور میں‘ سے ملی تھی۔ ان کا گانا ’اپنے الو‘ بہت مشہور ہوا تھا۔
شہزاد رائے نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’وہ لکھنے پڑھنے سے قاصر تھے لیکن سیاسی فہم کے مالک تھے اور سیاسی طنز کرتے تھے۔ ہم انہیں یاد کریں گے۔‘
ٹی وی شو ختم ہونے کے بعد وہ اپنے نشے کی عادت کی وجہ سے بیمار رہنے لگے اور پھر گمنامی میں چلے گئے۔ چند سال قبل ان کی کسمپرسی کی حالت میں تصویر بھی وائرل ہوئی تھی۔
 

شیئر: