Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسانی سمگلنگ کا نیٹ ورک، ریٹائرڈ جنرل کی گرفتاری، صوبائی انتخابات سمیت گذشتہ ہفتے پاکستان کی اہم خبریں

امجد شعیب پر لوگوں کو حکومت کے خلاف اکسانے کا الزام تھا۔ (فوٹو: ویڈیو سکرین شاٹ)
پاکستان میں گذشتہ ہفتے جنرل (ریٹائرڈ) امجد شعیب کی اسلام آباد میں گرفتاری اور رہائی، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات، پاکستان میں انسانی سمگنگ کا نیٹ ورک، افغان تاجروں کی کاروباری سرگرمیاں اور پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مشیر کے گھر پر چھاپے سے متعلق خبریں قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب مقدمے سے بری

اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے سابق فوجی افسر اور ٹی وی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
جمعرات کو ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو عوام اور سرکاری ملازمین کو حکومت کے خلاف اکسانے کے الزام میں درج مقدمے سے ڈسچارج کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا اور پھر تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

خبر کی مزید تفصیلات


عدالت نے پنجاب میں صدر کی دی ہوئی تاریخ کو آئینی طور پر درست قرار دیا۔ (فائل فوٹو)

90 روز میں انتخابات، صدر پنجاب اور گورنر کے پی میں تاریخ دیں: سپریم کورٹ کا حکم

پاکستان کی سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے تین دو کے تناسب سے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات 90 دنوں میں کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ 
عدالت نے پنجاب میں صدر کی دی ہوئی تاریخ کو آئینی طور پر درست قرار دیتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کو صوبے میں فوری طور پر انتخابات کی تاریخ دینے کا بھی حکم دے دیا ہے۔

خبر کی مزید تفصیلات


پاکستان سے آسٹریلیا جانے والے عام طور پر اصلی پاسپورٹ پر ملائشیا یا تھائی لینڈ جاتے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان میں انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کیسے کام کرتے ہیں؟

اتوار کو اٹلی کے قریب غیرقانونی تارکین وطن کی ایک کشتی کے حادثے میں تقریباً 60 لوگ موت کا شکار ہو گئے۔ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں 20 پاکستانی بھی تھے جن میں سے 16 کو بچا لیا گیا، جبکہ چار لاپتہ ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ غیرقانونی طور پر یورپ جانے والے پاکستانی اتنی بڑی تعداد میں کسی حادثے کی بھینٹ چڑھے ہوں۔ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ پاکستان سے بہتر مستقبل کی تلاش میں یورپ جانے والے درجنوں پاکستانی سمندری حادثوں، انسانی سمگلروں کے ہاتھوں فائرنگ یا یورپ کے غیرمحفوظ لمبے زمینی اور سمندری سفر کے دوران بھوک اور موسمی حالات کی وجہ سے کسمپرسی کی حالت میں جان گنواتے رہے ہیں۔

خبر کی مزید تفصیلات


ایف آئی اے حکام کے مطابق افغانستان کے بڑے سرمایہ کار کرنسی حوالہ ہنڈی کا کام بھی کر رہے ہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

افغان تاجر پاکستان میں کن شعبوں میں تجارت کو ترجیح دیتے ہیں؟

پاکستان میں مقیم رجسٹرد افغان شہریوں کی تعداد تقریباً 15 لاکھ ہے جن میں سے آٹھ لاکھ سے زائد صرف صوبہ خیبر پختونخوا میں رہائش پذیر ہیں۔
پچھلے 40 برسوں سے پاکستان میں رہنے والے بیشتر افغان باشندے یہاں مختلف قسم کے کاروبار سے وابستہ ہو گئے ہیں۔ ان میں زیادہ تر کراچی، کوئٹہ یا پشاور میں رہ کر تجارت یا کاروبار کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان میں سے کئی اب پاکستان کے بڑے تاجروں میں شمار ہوتے ہیں۔
بیشتر افغان تاجر پاکستان میں گڈز ٹرانسپورٹ، گارمنٹس، ریئل اسٹیٹ اور ہارڈویئر کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔

خبر کی مزید تفصیلات


عبدالحئی دستی 2018 میں مظفر گڑھ سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

عثمان بزدار کے سابق مشیر کے گھر پر چھاپہ، 15 کروڑ روپے سے زائد رقم برآمد

محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلٰی عثمان بزدار کی حکومت کے سابق مشیر زراعت عبدالحئی دستی کی رہائش گاہ سے 15 کروڑ روپے سے زائد غیر قانونی رقم برآمد کر لی گئی ہے۔
منگل کو ٹوئٹر پر ایک بیان میں ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ نے بتایا کہ ’مظفرگڑھ میں مارے گئے چھاپے کے دوران ٹھیکوں کے کمیشن اور عدم اعتماد کے دوران وصول شدہ سیاسی رشوت کی خطیر رقم برآمد کی گئی ہے۔

خبر کی مزید تفصیلات


صباحت رضوی کو وکلاء کے مختلف دھڑوں کی حمایت حاصل تھی۔ (فوٹو: لاہور ہائی کورٹ بار)

لاہور ہائی کورٹ بار کا الیکشن، 130 سالہ تاریخ میں پہلی بار خاتون سیکریٹری منتخب

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی 130 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون وکیل سیکریٹری جنرل منتخب ہو گئی ہیں۔
سنیچر کو لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں ایڈوکیٹ صباحت رضوی نے چار ہزار 310 ووٹ حاصل کیے۔ ان کے مخالف امیدوار میاں عرفان نے 37 سو 45 اور قادر بخش چاہل نے 26 سو 27 ووٹ حاصل کیے۔
ایک اور وکیل خاتون ربیعہ باجوہ بار کی نائب صدر منتخب ہوئی ہیں۔ انہوں نے 35 سو 90 ووٹ حاصل کیے۔

خبر کی مزید تفصیلات

شیئر: